ملک کو ایسے سول سرونٹس کی ضرورت ہے جو جدید دور کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری علم اور مہارت سے لیس ہوں،شہزاد ارباب

تربیتی مشق کے ذریعے نوجوان سول سرونٹس کو غریب لوگوں کے مسائل کو سمجھنے اور ان کا مناسب حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی، گفتگو

منگل 7 دسمبر 2021 23:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ، محمد شہزاد ارباب نے کہا ہے کہ ملک کو ایسے سول سرونٹس کی ضرورت ہے جو جدید دور کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری علم اور مہارت سے لیس ہوں۔ منگل کو سول سروس اکیڈمی کا اخوت فاؤنڈیشن کے تعاون سے 49 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران کیلئے تین ہفتوں کی تربیتی مشق کا اہتمام کیا گیا ،زیر تربیت افسران کو لاہور اور اس کے مضافات میں غریب کمیونٹیز میں منتخب کردہ انفرادی گھرانوں کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا،تربیتی مشق کا مقصد زیر تربیت افسران کو غریب طبقے کو درپیش مسائل کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

تربیتی مشق کی اختتامی تقریب کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام بالخصوص معاشرے کے پسماندہ طبقات کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے حل میں اپنی تمام تر صلاحیتیں لگانا سول سروس کی معراج ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ملک کو ایسے سول سرونٹس کی ضرورت ہے جو جدید دور کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری علم اور مہارت سے لیس ہوں۔

انہوںنے کہاکہ اخوت فاؤنڈیشن کے تعاون سے سول سروس اکیڈمی کی جانب سے شروع کیا گیا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔ شہزاد ارباب نے کہاکہ اس تربیتی مشق کے ذریعے نوجوان سول سرونٹس کو غریب لوگوں کے مسائل کو سمجھنے اور ان کا مناسب حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ شہزاد ارباب نے کہاکہ یہ اقدام سول سروس میں اصلاحات سے متعلق موجودہ حکومت کے ایجنڈے کے مطابق بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں