نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،رانا مشہود احمد خاں

نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ مالی طور پر خود مختار اور خود کفیل بنا کر روشن مستقبل کی جانب گامزن کر ناضروری ہے، ڈپٹی گورنر سلیم اللہ سے گفتگو

منگل 23 اپریل 2024 17:36

نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،رانا مشہود احمد خاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ سے ملاقات کی جس میں نوجوانوں کو مالی معاونت کے ذریعے بااختیار بنانے اور انہیں بہتر معاشی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئر مین رانا مشہود نے کہاکہ نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ مالی طور پر خود مختار اور خود کفیل بنا کر روشن مستقبل کی جانب گامزن کر ناضروری ہے۔

میٹنگ میں پرائم منسٹرز یوتھ بزنس اینڈ ایگیکلچر لون سکیم کے تحت نوجوانوں کے لیے مالیاتی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کے لیے حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔ رانا مشہود نے کہاکہ نوجوانوں کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا لر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ان کے کردار یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ملک بھر کے نوجوانوں کو ترقی اور بااختیار بنانے کے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

یوتھ پروگرام کے چیئرمین اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر کے درمیان تعمیری مکالمے نے مستقبل کی شراکت داریوں اور اقدامات کے لیے ایک امید افزا بنیاد رکھی ہے۔ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان نے کہاکہ نوجوانوں کو ملک کی اقتصادی ترقی میں شامل کرنے اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے میں باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں