ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ اور وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے ”گرین لیگیسی “ اقدام کا آغاز کردیا

بدھ 24 اپریل 2024 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ اور وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے سیالکوٹ یونیورسٹی میں ”گرین لیگیسی “ اقدام کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ تقریب میں سرکاری افسران، مذہبی برادری، تاجروں، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

بدھ کو ایتھوپیا کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام ایتھوپیا کے سفارت خانے، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور سیالکوٹ یونیورسٹی کے درمیان تعاون کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ ”ایتھیوپاکستان فریٹرنٹی انڈر گرین لیگیسی“ انیشیٹو کے تحت 2 سو سے زائد مختلف مقامی اقسام کے پودے لگائے گئے جس کے بعد شہر میں موسمیاتی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے دونوں بڑی اقوام کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے کہا کہ آج ہم یہاں نہ صرف کرہ ارض کو بچانے کے لیے جمع ہوئے ہیں بلکہ دو بڑی اور تاریخی قوموں کو جوڑ رہے ہیں جو تہذیبوں کے وارث ہونے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے مل کر لڑ رہے ہیں۔

سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے پاکستان میں گزشتہ سیلاب کا ذکر کیا جس نے ملک میں تباہی مچائی اور جس کا مشاہدہ انہوں نے سندھ کی خیمہ بستیوں کے دورے کے دوران خود کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک وجودی خطرہ ہے جو کرہ ارض پر کسی بھی جگہ یا علاقے کو متاثر کرسکتا ہے، یہ صرف پاکستان یا ایتھوپیا کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ باقی دنیا کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے سفارت خانے نے آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز اور صاف ستھرے مستقبل کی جانب حکومت پاکستان کی کوششوں میں حصہ ڈالنے کے لیے گرین لیگیسی انیشیٹو کا آغاز کیا ہے۔ سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ سفارت خانہ دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان کے دیگر بڑے شہروں بشمول لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں ہفتہ بھر بڑے پیمانے پر شجر کاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد نے گرین لیگسی اقدام کے تحت پوری قوم کو متحرک کیا اور گزشتہ پانچ سالوں میں ملک بھر میں 32.5 ارب سے زائد پودے لگائے گئے جن میں ایوکاڈو، پپیتا، کیلے، مالٹے، زیتون اور بہت سے دوسرے پھلدار پودے شامل ہیں، اسی طرح کافی، جانوروں کی خوراک اور پھولدار پودے بھی لگائے گئے ہیں جس سے ہم 2025 تک 50 ارب پودوں کو لگانے کے ہدف کے قریب لے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ملک میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ نرسریاں قائم کی گئیں اور 10 لاکھ سے زیادہ نوکریاں دی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے گرین لیگسی انیشی ایٹو کے ذریعے ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ کی دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینے کی تعریف کی۔

وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی نے ایتھوپیا کے سفارت خانے اور پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے درمیان گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے حوالے سے باضابطہ اعلان پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سطح پر تعاون کو باضابطہ شکل دینے کی منظوری دی ہے اور اس سلسلے میں حکومت پاکستان کے مضبوط عزم کا یقین دلایا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں