کونسی جماعت کو کتنی پارلیمانی کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی فارمولہ طے پاگیا

جمعرات 25 اپریل 2024 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے پارلیمانی جماعتوں کے عددی تناسب سے فارمولا تشکیل دے دیا۔ اسی فارمولے کے تحت حکومت اور اپوزیشن میں کمیٹیوں کی تقسیم ہوگئی۔فارمولے کے مطابق حکومتی اتحاد کو 26 اور اپوزیشن جماعتوں کو 11 کمیٹیوں کی سربراہی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

فارمولے کے تحت قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی اور ہاؤس بزنس مشاورتی کمیٹی کے سربراہ اسپیکر خود ہوں گے، پارلیمانی کشمیرکمیٹی کی سربراہی حکمران جماعت کو ملے گی جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اپوزیشن سے ہوں گے۔قومی اسمبلی کی ہاؤس کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی اسپیکرہوں گے۔ہر کمیٹی میں حکمران اتحاد کے اراکین کی اکثریت ہوگی۔

(جاری ہے)

فارمولے کے تحت 14 کمیٹیوں کی سربراہی ن لیگ کو ملنے کا امکان ہے جبکہ 8 کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی اور 8 ایم کیوایم کو دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کو ایک ایک کمیٹی کی سربراہی دینے کی تجویز ہے۔بعد ازاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا،اپوزیشن سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کو عددی اکثریت کے تناسب کمیٹیوں کی صدارت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کو اپوزیشن دی جائے گی ،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے اپوزیشن کی طرف نام آنے کے بعد حتمی فیصلہ سپیکر کریں گے ،تمام کمیٹیوں کے حتمی فیصلے ایک ہفتے میں کیے جائیں گے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں