پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکار آزاد ہیں اور ریاست ان کے حقوق کا تحفظ کر رہی ہے، فیصل کریم کنڈی

جمعرات 25 اپریل 2024 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکار آزاد ہیں اور ریاست ان کے حقوق کا تحفظ کر رہی ہے۔ یہ خوش آئند ہے کہ وطن عزیز میں تمام مذاہب اور مسالک کے لوگ اکٹھے ہیں اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں بھی شریک ہوتے ہیں۔

وہ جمعرات سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کے زیر اہتمام ہونے والے انٹرنیشنل انٹر فیتھ /مذہبی ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس تقریب میں دنیا بھر سے مذہبی رہنماؤں، حکومتی عہدیداروں، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا مقصد مختلف مذہبی اور ثقافتی برادریوں کے درمیان مکالمے، تعاون اور آپس میں سمجھوتے کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس نے مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو امن، ترقی اور سماجی اتحاد کے بنیادی ستونوں کے طور پر اجاگر کیا۔ یہ کانفرنس دنیا بھر میں مذہبی آزادی کے لیے بڑھتی ہوئے چیلنجوں اور شدت پسندی اور عدم برداشت کے درمیان ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس کانفرنس نے خیالات کے تبادلے، بہترین طریقوں کے اشتراک اور مذہبی رواداری اور تفہیم کو فروغ دینے کے لیے نئے طریقوں کو تلاش کرنے کے لیے ایک فورم کے طور پر کام کیا۔

ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے بین المذہبی ہم آہنگی اور پاکستان میں مذہبی برادریوں کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور 11 اگست کے خطاب میں قائد اعظم کے بیان کردہ وژن کے ساتھ سرکاری پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آل نیبرز یو ایس اے کے صدر میاں الیاس مسیح نے پاکستان میں اس طرز کی سرگرمیوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے قومی اتحاد کے لیے سماجی اور مذہبی تنوع کی قدروں کو برقرار رکھنے کے لیے مکالمے کی پرورش کی ضرورت پر زور دیا۔امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کی قائم مقام ڈپٹی ہیڈ آف مشن کیٹ سوموونگسری نے ایس ایس ڈی او اور آل نیبرز یو ایس اے کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے ماہرین، مذہبی ماہرین اور عقیدے سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کا ایک متنوع گروپ تشکیل دیا ہے تاکہ اس بات پر غور کیا جاسکے کہ کس طرح ہر کوئی تمام پاکستانیوں کے لئے زیادہ پرامن، زیادہ روادار اور زیادہ منصفانہ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بھی ضروری ہے کہ غیر معمولی اچھائیوں کا تحفظ کیا جائے جو ایمان کے لوگ امن کو فروغ دینے، بیماروں کی دیکھ بھال کرنے، ہمارے سیارے کی حفاظت کرنے، پسماندہ برادریوں کے لئے مواقع کو بڑھانے اور بہت کچھ کرنے کے لئے کر سکتے ہیں۔امریکی وفد، جس کی نمائندگی ڈاکٹر جیک ہائے (صدر، ہینری کالج)، ڈاکٹر جوزف نائاور الیاس مسیح نے کی۔

انہوں نے پاکستان میں امن، ہم آہنگی اور سماجی اتحاد کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنے تجربات سے حاصل کیے گئے تجربات اور بہترین طریقے شرکاء سے شیئر کیے ۔ بچوں کے حقوق سے متعلق قومی کمیشن کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے اقلیتی بچوں کے حقوق کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا ۔ سمٹ کے دوسرے سیشن میں ایک پینل ڈسکشن منعقد ہوا جس میں چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن اقبال احمد دیتھ، ممبر سندھ ہیومن رائٹس کمیشن حکومت سندھ سکھدیو اسسرداس ہیمان، سابق چیئرپرسن این سی آر س افشاں تحسین اور ڈائریکٹر ایس ایس ڈی اومحمد شاہد شامل تھے ۔

ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو ڈاکٹر احسان صادق نے پاکستان میں تمام مذہبی اور مسلکی برادریوں کے درمیان امن، بین المذاہب ہم آہنگی، اور بامعنی بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے عملی حل پر روشنی ڈالی ۔مقررین نے امریکہ اور پاکستان بھر سے شرکاء کا خیرمقدم کیا، جن میں پادریوں، پنڈتوں، مسلمانوں، سکھوں، اور بہائی کمیونٹی کے علماء شامل ہیں، سبھی مذہبی آزادی کو آگے بڑھانے، بین المذاہب افہام و تفہیم کو فروغ دینے، اور ثقافتوں اور عقائد کے درمیان تقسیم کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں