بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) بھارت غیر قانونی طور پر اپنے زیر تسلط جموں و کشمیر میں تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق مودی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برعکس مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کر رہا ہے اوربھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کشمیریوں کو ان کی شناخت سے محروم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں کو عالمی طور پر تسلیم شدہ ان کے حق خودارادیت سے محروم کر رہا ہے اورکشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے تیار نہیں ۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی پر سزادی جانی چاہیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اخلاقی طور پر اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو حل کرنے کا پابند ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی طاقتوں کو مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کی حالت زار پر اپنی آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں