پاکستان فرنیچر کونسل نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے تجاویز ایف بی آر، وزارت خزانہ، وزارت صنعت، وزارت تجارت اور وزارت اقتصادی امور کو پیش کر دیں، میاں کاشف اشفاق

اتوار 28 اپریل 2024 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) پاکستان فرنیچر کونسل نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے دس بجٹ تجاویز کا ایک جامع سیٹ فیڈرل بورڈ آف ریونیو، وزارت خزانہ، وزارت صنعت، وزارت تجارت اور وزارت اقتصادی امور کو پیش کر دیا ہے۔ اتوار کو کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرکاکو بتایا کہ یہ تجاویز فرنیچر کے شعبے میں ترقی، مسابقت اور پائیداری کو فروغ دینے کے لیے پی ایف سی کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

ان پر عمل درآمد سے ملک کی اقتصادی ترقی اور عالمی مسابقت کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاویز میں فرنیچر سیکٹر کو مکمل صنعت کی حیثیت دینے کا مطالبہ شامل ہے۔ اس اقدام سے اس شعبے کو ٹیکس چھوٹ، سبسڈیز یا دیگر مالی معاونت کے طریقہ کار سمیت مختلف مراعات اور فوائد تک رسائی فراہم ہو گی اور ترقی و پائیداری کو فروغ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کو لکڑی کا کام کرنے والی ہنر مند افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہم نے ہنر مند کاریگروں کی تربیت اور کیپیسٹی بلڈنگ کے لیے اقدامات تجویز کیے ہیں تاکہ ہنر مند اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایسی افرادی قوت کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے جو انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی فرنیچر مینوفیکچررز کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کرتی ہے تاکہ وہ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنے، پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور مصنوعات کے معیار کو بہتر کرنے کے قابل ہو سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں