ایس ای سی پی اوربلوچستان کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

منگل 30 اپریل 2024 21:43

ایس ای سی پی اوربلوچستان کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان مفاہمت کی  یادداشت پر دستخط
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)اوربلوچستان کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔معاہدے کے تحت بلوچستان کے سکولوں اور تعلیمی اداروں میں طلبا کی مالیاتی خواندگی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بلوچستان کے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ صالح محمد ناصر اور ایس ای سی پی کے سربراہ برائے انویسٹر ایجوکیشن عثمان سید نے ایم او یو پر دستخط کئے۔

ایم او یو کا مقصد صوبے کے سکولوں اور کالجوں کے نصاب میں مالیاتی خواندگی کے موضوعات کو شامل کرنا، اساتذہ کے تربیتی پروگرام کے ذریعے اساتذہ کو ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا اور طلبا کے لیے انٹرایکٹو سیمینارز کا انعقاد کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی، سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ محی الدین احمد وانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزارت تعلیم برائے پیشہ ورانہ تربیت میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر راحیلہ درانی نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے لوگ کم آمدنی اور بچت کا رجحان نہ ہونے کی وجہ سے مالیاتی مسائل کا زیادہ شکار ہوتے ہیں ، اس صورتحال میں صوبے کے نوجوانوں کو مالی خواندگی کی مطلوبہ مہارتیں فراہم کرنا اور آگہی دینا ضروری ہے۔ایس ای سی پی کے مالیاتی خواندگی کے ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ عثمان سید نے شرکا کو بتایا کہ اس پراگرام کے تحت ایس ای سی پی طلبا کو مالیاتی خواندگی کے بنیادی تصورات جیسے کہ بجٹ، بچت اورسرمایہ کاری تک رسائی وغیرہ کے بارے آگاہ کیا جائے گا۔

سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے مالی خواندگی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں مالی طور پر خواندہ نوجوان آبادی کا اہم کردار ہے لہذا ہمیں نوجوانوں میں بچت کے رجحان، سرمایہ کاری اور کاروباری شخصیت کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں