راولپنڈی چیمبر آف کا مرس کے زیراہتمام آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس اختتام پذیر ، مشترکہ اعلامیہ جاری

جمعرات 16 مئی 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) راولپنڈی چیمبر آف کا مرس کے زیراہتمام دوروزہ 16ویں آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی، صدر چیمبر ثاقب رفیق نے کراچی، لاہور، فیصل آباد چیمبر کے صدور کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ امید ہے حکومت بجٹ سازی میں چیمبرز کو مشاورتی عمل میں شریک کرے گی، چیمبرز کے صدور کی مدت دو سال کی بجائے ایک سال کی جائے، ایف بی آر ٹیکس کی بجائے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے اہداف مقرر کرے۔

اعلامیہ میں تاجر برادری نے 22فیصد شرح سودکو معاشی ترقی میں رکاوٹ قرار دیااور اسے مرحلہ وار کم کر کے سنگل ڈیجیٹ تک لانے کامطالبہ کیا۔مزید کہاگیاکہ تاجر اور ٹیکس پیئرز کو عزت دی جائے، تمام آمدن کویکساں فریم ورک میں قابل ٹیکس کیا جائے۔

(جاری ہے)

آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس میں ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات اور تجارت بڑھانے کی ضرورت اور بزنس کمیونٹی کو رکاوٹوں سے بچانے کے لئے ون ونڈو آپریشن فعال کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

تاجر برادری نے کاروباری لاگت کم کرنے کے لئے متبادل انرجی کے طور پر گرین انرجی کے فروغ کا مطالبہ بھی کیا۔تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کو متحد کرنے کے لئے چارٹر آف اکانومی پر کام کریں ۔اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف نے بھی اظہار خیال کیا۔ قبل ازیں آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس میں چاروں صوبوں ، کشمیر و گلگت بلتستان کے چیمبرز صدور و نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں سالانہ بجٹ، پیداواری لاگت میں اضافہ،پٹرولیم مصنوعات بجلی گیس کی صورتحال پر غور، سولر انسٹالیشن،وفاقی وصوبا ئی ٹیکس ،تاجر دوست سکیم،ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور اداروں کی نجکاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں