بجلی نادہندگان سے اب تک 109 ارب روپے وصول ، رننگ اور ڈیڈڈیفالٹرزکے خلاف بقایا جات تقریبا 1.3 ٹریلین روپے ہیں، نیپرا کو بریفنگ

جمعہ 17 مئی 2024 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بتایا گیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف اور ریکوری کیلئے جاری مہم کے دوران ستمبر 2023سے اب تک بجلی نادہندگان سے 109 ارب روپے کی وصولی کی جاچکی ہے۔پاور ڈویژن کےنمائندہ نے مالی سال 2023-24 کی تیسری سہ ماہی کے لئے بجلی کی خریداری کی قیمتوں میں تبدیلی کی وجہ سے ڈسکوز کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی سماعت کے دوران اتھارٹی کو بتایا کہ رننگ اور ڈیڈڈیفالٹرزکے خلاف بقایا جات تقریبا 1.3 ٹریلین روپے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ صوبوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ریکوری اور بجلی چوری کے خلاف مہم میں انہیں تعاون فراہم کریں۔چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں جمعہ کو ہونے والی سماعت میں ممبر بلوچستان مطہر نیاز رانا اور ممبر سندھ انجینئر رفیق احمد شیخ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈسکوز نے پاور ریگولیٹر کو دی گئی درخواست میں صارفین سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 51 ارب 86 کروڑ روپے وصول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ریگولیٹر کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال 2023-24کی تیسری سہ ماہی کے دوران مختلف شعبوں میں بجلی کی طلب میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)کے سربراہ ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا کہ کمپنی میں اب تک نیٹ میٹرنگ کی پیداوار 160 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔اتھارٹی نے سماعت میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے عہدیداروں کی عدم موجودگی پر بھی مایوسی کا اظہار کیا اور کمپنی کو نوٹس جاری کرکے اپنی پوزیشن واضح کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے اتھارٹی کو بتایا گیا کہ نیٹ میٹرنگ لگانے کے رجحان میں تیزی آئی ہے اور ملک بھر میں 2000 میگاواٹ کی مجموعی صلاحیت کے کنکشن پہلے ہی نصب کیے جاچکے ہیں۔اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں