{مسلم لیگ(ن) معاشی بحالی کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہے،ملک سجاد

-ملک وقوم کے مفاد کی خاطر رقابت کو پس پشت ڈالاجائے،اتحاد قائم کیاجائے،مسلم لیگی رہنما

اتوار 26 مئی 2024 18:45

- اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سنیئر رہنما و سابق یوسی چیئرمین ملک سجاد نے اپنے بیان میں کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) ملکی معیشت کی بحالی کے ایجنڈے کی جلد تکمیل چاہتی ہے جس کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں بھرپور جدوجہد کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے ميں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حاصل ہو رہاہے جس کے ملکی معیشت پر نہایت مثبت نتائج مرتب ہونگے۔

مسلم لیگ(ن) کی قیادت اب بھی ملکی سلامتی وترقی اور عوامی فلاح وبہبود کی خاطر سرگرم عمل ہے اور تمام تر صلاحیتیں وتوانائیاں بروئے کارلا رہی ہے، ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ بنانے اور عوامی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ اس اقدام سے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو کچھ ریلیف میسر آئے گا، پٹرولیم اور بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکسز میں بھی کمی جائے ،یہ عام تاثر ہے کہ جب پٹرولیم کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو خاص طورپر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میںیکدم کئی گنا اضافہ ہوجاتاہے جبکہ قیمتیں نیچے ہونے پر کسی طرح کی کمی نہیں کی جاتی، حکومت قیمتوںمیں کمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر میکنیزم بنارہی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما ملک سجاد نے مزید کہاکہ تمام محب وطن سیاستدان پاکستان کو سیاسی استحکام دیناچاہتے ہیں تاکہ معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوسکے جبکہ پی ٹی آئی قیادت کو بھی سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کے حصول کو ترجیح دینا ہوگی، موجودہ بے یقینی کی صورتحال پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالہ حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے عوام کو مایوسی کی دلدل سے نکالنے کیلئے مسلم لیگ(ن) ماضی سے بڑھ کر کردار اداکرے گی، مسلم لیگ(ن) واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ انتخابی ایجنڈا مکمل کیا مگر ہر بار قائد نوازشریف اور اس کی حکومت کے خلاف سازشیں کی گئیںلیکن پارٹی آج بھی قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے،مسلم لیگ(ن) قائدین کی سیاست کا محور صرف اور صرف عوامی خدمت ہے ہم نے ذاتی مفادات کے بجائے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی اور مسلم لیگ ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں