نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بغیر سیریز کھیلے وطن واپسی کیلئے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ سے یو اے ای روانہ

کیوی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے روانہ ہوئی ،روانگی سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرائے گئے، کھلاڑیوں اور عملہ پر مشتمل 33 رکنی اسکوارڈ کے ٹیسٹ منفی آئے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز منسوخ کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اپنے وطن واپس جانے کیلئے خصوصی طیارے کے ذریعے یو اے ای روانہ ہوگئی ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو لینے کیلئے خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا، ٹیم یو اے ای کے لیے روانہ ہوئی ہے جہاں سے وہ نیوزی لینڈ جائے گی۔

کیوی ٹیم کو لینے خصوصی طیارہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچایا گیا جہاں ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ لاؤنج میں بٹھایا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کے روانگی سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرائے گئے، کھلاڑیوں اور عملہ پر مشتمل 33 رکنی اسکوارڈ کے ٹیسٹ منفی آئے۔ کیوی ٹیم کے طیارے نے شیڈول سے تاخیر کے بعد 8بجے کے بعد اڑان بھری ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

ٹیم کی واپسی کی موومنٹ کے دوران انتظامات اسپیشل برانچ اور حساس سیکورٹی اداروں نے سنبھالے واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد کے بعد سے سربراہان مملکت کی سطح کی سیکورٹی دی جا تی رہی ہے، اس کے باوجود اس نے دورہ پاکستان اچانک ختم کردیا اور ایک بھی میچ کھیلے بغیر واپس روانہ ہوگئی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اس سے قبل کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم شام 6 بجے چارٹرڈ طیارے سے دوبئی روانہ ہو گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ کی 33 رکنی ٹیم کا وفد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ چکا جو شام 6 بجے چارٹر ڈ طیارے سے روانہ ہو گی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ پوری ٹیم کے کرونا ٹیسٹ بھی ہو چکے ہیں۔33 رکنی وفد چارٹر فلائیٹ RJD232 کے ذریعے دوبئی روانہ ہو گی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ نے بے بنیاد سیکیورٹی خدشات پر پاکستان کا دورہ موخر کیا۔امریکہ کی نیٹو فوج ، آئی ایم ایف ، ورلڈ بینک اور کابل میں سفارت خانوں کے سفارتی عملے نے انخلا کے لیے پاکستان کو ترجیح دی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف عالمی ایجنڈوں کے لیے کھیلوں کو قربانی کا بکرا نہ بنائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں