سوتی ملبوسات کی برآمدات میں مارچ کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ

جمعہ 26 اپریل 2024 22:34

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) سوتی ملبوسات کی برآمدات میں مارچ کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ جبکہ سوتی دھاگہ کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 163 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں تین فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال مارچ میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 158 ملین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا تھا،اسی طرح مارچ میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 44 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 36 فیصد کم ہے گزشتہ سال مارچ میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 68 ملین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سوتی ملبوسات کی مجموعی برآمدات کا حجم 1423 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں سات فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی سی مدت میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 1538 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سوتی دھاگہ کی برامدات کا حجم 792 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہیں۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی دھاگہ کی برآمدآت کا حجم 553 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برامدات سے ملک کو12.44 ارب ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا ہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں