جہلم شہر و گردونواح میں کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی بھرمار، ٹریفک حادثات کا ہونا روزانہ کا معمول بن گیا

اتوار 13 اکتوبر 2019 18:25

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2019ء) جہلم شہر و گردونواح میں کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی بھرمار، ٹریفک حادثات کا ہونا روزانہ کا معمول بن گیا، شہریوں کا ڈی پی او ، ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق شہر میں کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی بھرمار ہونے سے آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ کم عمر رکشہ ڈرائیور رکشوں پر 6 سواریوں کی گنجائش والے رکشہ میں 8/10 مسافروں کو بیٹھا کر جہلم کے گردونواح کا بھی سفر کرتے ہیں جبکہ متعدد رکشہ ڈرائیوروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود نہیں ہے جس کے باعث آئے روز حادثات کا ہونامعمول بن چکا ہے اور بیشمار شہری اپنی زندگی کی بازیاں بھی ہار چکے ہیں۔

کم عمر رکشہ ڈرائیورز شہر کے گنجان آباد علاقوں میں انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ رکشے چلاتے ہیں جبکہ متعدد مرتبہ اپنے ہم عمر رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ گلی محلوں میں ریس لگاتے ہیں اورپیدل چلنے والے افراد کو ٹکریں مار کر شدید زخمی کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ کم عمر رکشہ ڈرائیورں کے خلاف کئی بار ٹریفک پولیس افسران کو آگاہ کیا گیا ہے مگر ٹریفک پولیس کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت اور ذاتی لالچ کے باعث ان کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔

شہریوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کے عملہ نے کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کو شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے اگر کوئی ٹریفک پولیس کا اہلکار کم عمر اور بغیر لائسنس کے رکشہ ڈرائیور کو پکڑ بھی لے تومعمولی جرمانہ وصول کرکے چھوڑ دیا جاتاہے۔شہریوں نے ڈی پی او جہلم، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمر رکشہ ڈرائیوروں سمیت بغیر لائسنس کے رکشے چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں