جامعہ کراچی، شعبہ کیمیا میں نئے تعلیمی بلاک اور نوتزئین وآرائش کردہ آڈیٹوریم کاافتتاح

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے صدر پروفیسراعجاز فاروقی نے کہا کہ جامعہ کراچی کی ہردرخواست ہمارے لئے حکم کا درجہ رکھتی ہے،مجھ جیسے لوگ جو اس بات پر یقین رکھتے ہیں ان کی کامیابی میں جامعہ کراچی کا بھی بہت بڑا کردار ہے،ان کی ہمیشہ کو شش ہوتی ہے کہ وہ اپنی مادرعلمی کی بہتری اور ترقی کے لئے اپنا کلیدی کرداراداکریں۔

نواردان جامعہ کو چاہیئے کہ وہ اس بات کا ارادہ کرلیں کے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جیسے اور جتنا ممکن ہوسکے جامعہ کراچی کی ترقی کے لئے پیش پیش رہیں گے۔آپ کا کردار اور گفتار آپ کے خاندان اور درسگاہ سے تربیت کی عکاسی کرتاہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ اپنے خاندان اور جامعہ کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونی کیرئینز کی جانب سے جامعہ کراچی کے شعبہ کیمیا میں نئے تعلیمی بلاک اور نوتزئین وآرائش کردہ آڈیٹوریم کاافتتاح کرتے ہوئے کیا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جامعہ کراچی کے لئے پروفیسر اعجاز فاروقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کو اس وقت ایسے سابق طلبہ کی اشد ضرورت ہے ،جوجامعہ کراچی کی بہتری کے لئے اپنی خدمات پیش کرسکیں۔جامعہ کراچی نامساعد مالی حالات کے باوجود طلباوطالبات کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔

جامعہ کراچی کو ملنے والی گرانٹ اتنی نہیں ہے کہ جس سے جامعہ کراچی کی ضروریات کو پوراکیا جاسکے ،یہ جامعہ ہم سب کی جامعہ ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ شہرکراچی کے دوست اور مخیر حضرات جامعہ کراچی کی بہتری اور ترقی کے لئے اپنا کرداراداکریں کیونکہ اس جامعہ سے ہمارے نوجوانوں کا مستقبل وابستہ ہے۔میں چیئر مین شعبہ کیمیا پروفیسرڈاکٹر ماجد ممتاز کی شعبہ کے کیمیا کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہتاہوں ،جنہوں نے شعبہ ہذا کے مسائل کو انتظامیہ کے پاس لے جانے کے بجائے ان کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے جس کا نتیجہ آج ہم سب کے سامنے ہے۔

چیئر مین شعبہ کیمیا جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر ماجد ممتاز نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ چھ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوا جس سے نہ صرف کلاس روم کی کمی کو پوراکرنے میں مددملے گی بلکہ جدید سیمینار لائبریری اور کمپیوٹر لیب کے قیام سے طلبہ اس سے مستفید ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں