کراچی ،سرسیدیونیورسٹی کے اسپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ اسپورٹس کے زیر اہتمام اسپورٹس گالا کا انعقاد طلباء کی صلاحیتوں کو اجا گر کرنے اور کھیلوں کے فروغ میں اہم و موثر کردار ادا کرے گا۔ کھیل دنیا میں تبدیلی لانے کی طاقت رکھتے ہیں اور ذاتی تعصبات و ترجیحات سے بالاتر ہوکر تمام کمیونیٹیزکے مابین بھائی چارہ کی فضاء قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ بات سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے اسپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں سے اسپورٹس مین اسپرٹ کا جذبہ پروان چڑھتا ہے او ر باصلاحیت اور صحتمند سوچ کے لوگ سامنے آتے ہیں۔اسپورٹس مقابلوں کے نتیجے میں کھلاڑیوں کو اپنی کمی اور خامیوں کا احساس ہو جاتا ہے اور وہ اپنی خامیوں اور کوتاہیوں کو دور کر کے اپنی کارکردگی کو بہتر بنا تے ہیں ۔

(جاری ہے)

طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ایک صحتمند رجحان کو فروغ دینے کے لئے مختلف نوعیت کے مقابلوں اور کھیلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ چانسلر جاوید انوار نے اسپورٹس گالا کے کامیا ب انعقاد پر سرسید یونیورسٹی کے شعبہ اسپورٹس کے کنوینئر وقاص بخاری، ایکٹنگ کنوینئر قاضی نصر عباس اور بی ای آئلز کے مینجنگ ڈائریکٹر جاوید عالم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے اسپورٹس گالا کے انعقاد میں فعال و موثر کردار ادا کیا اور ان کی شاندار کارکردگی کا عملی مظاہرہ اسپورٹس گالا کی شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔

سرسید یونیورسٹی اسپورٹس کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ سر سید یونیورسٹی اعلٰی تعلیم کے علاوہ طلباء کی غیر نصابی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرتی ہے تاکہ ایک صحتمند معاشرہ تشکیل پا سکے۔اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیل کے میدان کی ضرورت کا احساس کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی نے حال ہی میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کا مقصد اسپورٹس میں سرسید یونیورسٹی کے طلباء کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ان کے لیے تربیت اور ماحول فراہم کرنا ہے۔

اس معاہدے سے اسپورٹس سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا اورطلباء ایک صحتمند ماحول میں اپنی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کر سکیں گے۔اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل حق، رجسٹرار سید سرفراز علی، شعبہ اسپورٹس کے ڈائریکٹر مبشر مختار، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان سمیت انجینئر سید محمد علی و دیگر موجود تھے۔اسپورٹس گالا میں کرکٹ، ہاکی، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، والی بال، فٹسول، بیڈمنٹن، ۰۰۱ میٹر ریس اور رسہ کشی کے مقابلے شامل ہیں جس میں ایک ہزار سے زائد طلباء و طالبات حصہ لیں گے۔اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والوں کو ٹرافی اور سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں