سمندری طوفان ’’وایو‘‘ شدت اختیار کرگیا، سندھ میں داخل ہونے کا قوی امکان

ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں، 3دن تک سندھ کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں بارشوں کا امکان: محمکہ موسمیات

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 13 جون 2019 00:19

سمندری طوفان ’’وایو‘‘ شدت اختیار کرگیا، سندھ میں داخل ہونے کا قوی امکان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 جون2019ء) سمندری طوفان ’’وایو‘‘ شدت اختیار کرگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے 3دن تک سندھ کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ سمندری طوفان ''وایو'' طوفان شدت اختیار کرگیا ہے جس کی وجہ سے جمعرات سے بدین، ٹھٹھہ، تھرپارکر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

طوفان کے سندھ کے علاقوں میں داخل ہونے کے امکانات بھی قوی ہوگئے ہیں۔ اس وقت سمندری طوفان ''وایو'' کراچی سے443 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے اور 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سمندری طوفان کل دوپہر تک بھارتی گجرات عبور کرلے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان گزرنے کے بعد 3 دن تک سندھ کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں بارشوں کا قوی امکان ہے، جس کے نتیجے میں ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارشیوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں موجود ماہی گیروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سمندری طوفان کے باعث ساحلی علاقوں میں شدید بارش جبکہ تیز طوفانی ہوائیں اور سمندر کی لہریں بلند ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان ٹھٹھہ سے تقریبن 1000 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے جس کی وجہ سے ہوا کا رخ تبدیل ہونے کا امکان ہے اور ہیٹ اسٹروک کی صورتحال بھی پیدا ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال مکلی میں ممکنہ سمندری طوفان اور ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق ضلعی افسران سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلعی افسران اور عوام کی آگاہی کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ان کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا ٹیلیفون نمبر 0298-920061 اور 0298-920063 ہے جوکہ چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ سمندری طوفان و بارشوں کی صورتحال اور ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے اپنے اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں