سماجی دوری کو یقینی بنائے بغیر کورونا کے پھیلائو پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔چین کے طبی ماہرین کے وفد کی وزیراعلی سندھ سے گفتگو

بدھ 8 اپریل 2020 23:31

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ما منگ ھوئی( Ma Minghui ) کی سربراہی میں چین کے 9 رکنی طبی ماہرین کے وفد نے وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کی اور اپنے تجربات کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کورونا وائرس پرنہ صرف قابوپایا ہے بلکہ اسے تقریبا ختم کردیا ہے۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے وزیراعلی سندھ سے کہا کہ وہ لوگوں میں سماجی دوری کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر انفیکشن کے پھیلائو پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔

انہوں نے بتایاکہ انہوں نے سخت لاک ڈائون لگایا اور یہی سبب تھا کہ ہر چیز کو زیر کنٹرول لایاگیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے سرکاری دفاتر ، اسکول اور تمام کاروباری مراکز اور حتی کہ فیکٹریاں اورپبلک ٹرانسپورٹ کوبھی بند کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس پر قابو پایا ہے مگر ابھی ہمیں اپنے لوگوں کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہیں ۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور سازوسامان کی کمی کی وجہ سے ان کی حکومت تمام لوگوں کے ٹیسٹ نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کی ٹیسٹنگ کررہے ہیں جن کے پاس سفری تاریخ اور مثبت کیسز میں خاندانوں کے افراد شامل ہیں۔ دورے پر آئے ہوئے وفد نے وزیراعلی سندھ کو یقین دلایا کہ وہ ان کی صوبائی حکومت کو مہارت اور دیگر سازوسامان فراہم کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خوراک (راشن)کی تقسیم بھی آئسولیشن میں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کا ہجوم وائرس پر قابو پانے کی کوششوں کو سبوتاژ کردے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں