میری جان کو خطرہ ہے

میرے دو بیٹے اور 3 پوتوں نے مجھے قتل کرنے کا پروگرام بنایا تھا۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 اپریل 2021 11:46

میری جان کو خطرہ ہے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2021ء) : سابق وزیراعلیٰ سندھ اور سینئیر سیاستدان سعید غوث علی شاہ کا کہنا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے دو بیٹے اور 3 پوتوں نے مجھے قتل کرنے کا پروگرام بنایا تھا، میری ایک بیٹی بھی ان کے ساتھ ہے، میں اپنے بیٹوں کو اپنی جائیداد سے عاق کردیا ہے۔

سید غوث علی شاہ نے کہا کہ میں نے ساری زندگی انہیں بنانے کی کوشش کی، میرے متعلق افواہ پھیلائی جارہی ہے کہ جن کے ساتھ تنازعہ تھا ان سے صلح ہو گئی، یہ غلط بات ہے، میری اور میرے دوسرے بچوں کی جان خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی سکیورٹی سے مطمئن ہوں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سید غوث علی شاہ اپنی جان کو خطرہ ہونے کا بیان دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سابق وزیرِاعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے خاندانی اختلافات کے سبب پہلی بیوی اور بیٹوں سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے مجھے اور میری دوسری بیوی کو قتل کر نا چاہتے ہیں جس کی سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری پہلی بیوی اور میرے بیٹے گھر میں چوری کروانے میں ملوث رہے ہیں۔بیٹے کو پراپرٹی سنبھالنے کے لیے دی جو اس نے بغیر اجازت فروخت کردی، اب یہ لوگ بچ جانے والی پراپرٹی بھی فروخت کرنا چاہتے ہیں۔جو پراپرٹی پہلی بیوی اور بیٹوں کو دینا تھی دے چکا ہوں، اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ پہلی بیوی اور بیٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں