پی آئی اے کی ٹورنٹوجانے والی پرواز کو فنی خرابی کے باعث کراچی اتار لیاگیا

اسلام آباد سے ٹورنٹوجانے والی پرویزپی کے 781میں فنی خرابی کی نشاندہی ہونے پر کیپٹن نے طویل پرواز جاری رکھنے اور بحر اوقیانوس پر پرواز کرنے کی بجائے واپسی کو ترجیح دی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 18 مئی 2024 11:08

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 مئی 2024 ) پی آئی اے کی اسلام آباد سے ٹورنٹوجانے والی پرواز کو فنی خرابی کے باعث کراچی اتار لیاگیا،پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی ٹورنٹو جانے والی پروازپی کے 781میں فنی خرابی کی نشاندہی ہونے پر کیپٹن نے طویل پرواز جاری رکھنے اور بحر اوقیانوس پر پرواز کرنے کی بجائے واپسی کو ترجیح دی اور جہاز کو کراچی ائیرپور ٹ اتارنے کا فیصلہ کیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے 781 اسلام آباد سے ٹورنٹو روانگی کے بعد روس کی فضائی حدود میں تھی کہ فنی خرابی پیدا ہوگئی جس پر بوئنگ 777 طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا، پرواز نے روانگی کے 10 گھنٹے بعد کراچی لینڈ کیا۔انجینئرنگ بیس پر بہتر انتظامات اور پرزہ جات کی دستیابی کے باعث طیارے کو کراچی اتارا گیا۔

(جاری ہے)

پرواز کے تمام مسافر محفوظ رہے۔

طیارے میں موجود مسافروں کو ائیرپورٹ کے ہوٹل میں ٹھہرایا گیا۔مسافروں کی دیکھ بھال کیلئے طعام اور ٹرانسپورٹ کا بہترین انتظام ہے۔پرواز کی دوبارہ ٹورنٹو روانگی کا شیڈول ہفتہ کی دوپہر 1 بجے رکھا گیا تاکہ مسافر طویل پرواز کیلئے آرام کرسکیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دبئی ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے میں دھوئیں کی اطلاع پر پرواز موخر کر دی گئی تھی۔

دبئی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے میں دھوئیں کی اطلاع پر پرواز کچھ دیر کیلئے موخر کر دی گئی تھی۔ دبئی کے ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے میں دھوئیں کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد پرواز کے اطراف ایمرجنسی ڈیکلیئر کر دی گئی، طیارے میں اشیا خور و نوش کی جگہ پر جلنے کی بو کی شکایت ملی تھی۔جلنے کی شکایت کے بعد دبئی ائیرپورٹ پر فائر بریگیڈ اور ایمبولینس فوری طلب کر لی گئی تھی۔ طیارے کی مکمل طور پر جانچ پڑتال کی گئی تھی۔کسی قسم کی خرابی نہ ہونے پر طیارے کو کلیئر قرار دے دیا گیا، بعد ازاں پرواز دبئی سے اسلام آباد روانہ کر دی تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں