کراچی اور سندھ سمیت ملک بھر میں شدید گرمی نے شہریوں کو جھلسا کر رکھ دیا آئندہ ہفتے ملک بھر میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی

نواب شاہ میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور شہر میں شدید گرمی کے باعث دن بھر بازاروں اور سڑکوں پر سناٹا رہا.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 19 مئی 2024 19:52

کراچی اور سندھ سمیت ملک بھر میں شدید گرمی نے شہریوں کو جھلسا کر رکھ دیا آئندہ ہفتے ملک بھر میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مئی۔2024 ) کراچی اور سندھ سمیت ملک بھر میں شدید گرمی نے شہریوں کو جھلسا کر رکھ دیا اور محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں اتوار کے روز بھی شدید گرمی کا راج رہا اور شام ہونے کے باوجود بھی سورج کی تپش میں کمی نہ آ سکی نواب شاہ میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور شہر میں شدید گرمی کے باعث دن بھر بازاروں اور سڑکوں پر سناٹا رہا.

میرپورخاص میں بھی آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور صوبہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی دن بھر حبس اور گرمی کا راج رہا جس سے بچنے کے لیے شہریوں نے نہروں کا رخ کیا۔گرمی کے سبب شہر میں برف اور ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی ہے جبکہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر مختلف شہروں میں انتظامیہ اور مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام ٹھنڈے پانی کے کیمپ بھی لگا دیے گئے ہیں.

محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں 21 سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے حفاظتی اقدامات سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی. محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی حالیہ لہر بدستور جاری رہے گی اور درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے تاہم شہر میں درجہ حرارت ملک کے باقی حصوں کے مقابلے میں بہتر رہے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے کل سے بیشتر شہروں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی بھی کی ہے اور درجہ حرارت بتدریج بڑھنے سے آئندہ 10 روز کے دوران بعض شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے.

محکمہ صحت پنجاب نے بھی ہیٹ ویو سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی جس کے مطابق بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو شدید ہو سکتی ہے اور تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاﺅنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے ممکنہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈز بھی قائم کردیے گئے.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں