وینزویلا میں فوج بھیجنے کا آپشن موجود ہے، امریکی صدر

ہم ابھی فوجی آپشن سے دور ہیں، لگتا ہے اس عمل سے بہت بڑے احتجاج سامنے آرہے ہیں ،گفتگو

پیر 4 فروری 2019 16:02

وینزویلا میں فوج بھیجنے کا آپشن موجود ہے، امریکی صدر
کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ مغربی ممالک کا نکولس مدورو کے اختیارات، اپوزیشن لیڈر اور صدارت کے دعویدار جوان گوائیڈو کو منتقل کرنے پر دباؤ کے پیش نظر وینزویلا میں فوج بھیجنے کا آپشن موجود ہے۔امریکا، کینیڈا اور دیگر لاطینی امریکی ممالک کی جانب سے گزشتہ سال دوبارہ انتخابات میں نکولس مدورو کی کامیابی کو قبول نہیں کیا گیا تھا اور گووئیڈو کو ملک کا اصل رہنما تسلیم کیا تھا۔

غیرملکی ٹی وی کو انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فوجی مداخلت بھی ممکن ہے، یقینی طور پر یہ ہمارے لیے ایک آپشن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس آپشن پر غور نہیں کیا کیونکہ ہم ابھی اس عمل میں بہت دور ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اس عمل سے بہت بڑے احتجاج سامنے آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وینزویلا کی سڑکوں پر ہزاروں افراد اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وینزویلا کے ایک سینئر ایئر فورس جنرل کی جانب سے بھی گوئیڈو کو حقیقی صدر تسلیم کیا گیا ۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے ہی وینزویلا کی مشکلات کا شکار تیل کی صنعت کو مزید کمزور کرنے کے لیے پابندیاں عائد کی گئیں۔ان پابندیوں سے نکلولس مدورو تو کمزور ہوں گے تاہم اس سے وینزویلا کی معیشت تباہ ہونے کا بھی خدشہ ہے۔دوسری جانب وینزویلا کو ادویات کی قلت، غذا کے بحران، افراط زر میں تیزی سے اضافے جیسے مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ چند سالوں میں لاکھوں افراد وہاں سے ہجرت کرگئے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں