پاکستان پہلی بار یو اے ای کو فروزن گوشت ایکسپورٹ کرے گا

اماراتی کمپنی کا پاکستان کے کسی بھی میٹ پروسیسر اور ایکسپورٹ ہاؤس سے اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ طے پا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 ستمبر 2023 11:56

پاکستان پہلی بار یو اے ای کو فروزن گوشت ایکسپورٹ کرے گا
کراچی/ ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 ستمبر 2023ء ) پاکستان تاریخ میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کو فروزن گوشت ایکسپورٹ کرے گا، اس حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والی گوشت سپلائی فرم یو اے ای کو فروزن میٹ برآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے، جو پاکستان میں کسی بھی نجی میٹ پروسیسر کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے، اس حوالے سے کراچی میں قائم آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ (TOMCL) نے متحدہ عرب امارات کو بون لیس فروزن گوشت کی برآمد کے لیے 4 ملین ڈالر مالیت کا معاہدہ حاصل کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مذکورہ کمپنی پاکستان میں حلال گوشت کے پروسیسرز اور برآمد کنندگان میں ایک بڑا نام ہے، جو کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، بحرین، مالدیپ، ہانگ کانگ اور ویتنام کو گوشت کی مصنوعات فراہم کرتی ہے، جو 1 ہزار میٹرک ٹن بون لیس گوشت کی برآمد کے لیے متحدہ عرب امارات کی فرسٹ کوالٹی فوڈ سٹف ایل ایل سی کامیابی کے ساتھ معاملات طے کرتے ہوئے معاہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کمپنی نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ معاہدہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے کسی بھی میٹ پروسیسر اور ایکسپورٹ ہاؤس کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے، اس معاہدے کے ذریعے اگلے 6 ماہ کے اندر 4 ملین ڈالر سے زیادہ کی آمدنی حاصل ہوگی، یہ معاہدہ کمپنی کے اسٹاک حجم اور شہرت پر مثبت اثر ڈالے گا اور ساتھ ہی اس کے شیئر ہولڈرز کو بھی اس سے فائدہ پہنچے گا۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل حسین کہتے ہیں کہ ہمارے ادارے کا خلیجی خطے میں مارکیٹ کا ایک بڑا حصہ ہے، ہم خلیج تعاون کونسل یعنی GCC میں شامل ممالک کو اپنی 85 مصنوعات برآمد کرتے ہیں، اس سال اپریل میں کمپنی نے کینیڈین کمپنی سے بھی ایک معاہدہ کیا جس کے ساتھ ہی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ کینیڈا کو ایسی مصنوعات کی برآمد کی منظوری حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی کمپنی بن گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں