کراچی،سرکاری اسکولوں میںطلبا و طالبات کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کئے جائینگے، جان محمد بلوچ

پیر 15 جنوری 2018 22:03

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام ، ترقی اور خوشحالی کیلئے نئی نسل کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے ہونگے، تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے ، وطن عزیز کا ایک ایک بچہ بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے ایسے تعلیمی معیار کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں انہیں پرائیوٹ اسکولوں کی طرز پر اعلیٰ تعلیم اور بہترین سہولیات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمشنر عمران اسلم ، یو سی وائس چیئرمین معراج محمد خان ، یو سی چیئرمین مولانا محمد زرین کے ہمراہ یوسی 1 دائود چورنگی گورنمنٹ بلدیہ گرلز اینڈ بوائزپرائمری اسکول کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈائری،ڈائریکٹر ایجوکیشن ثناء اللہ خان، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر ملک،ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان ، ڈائریکٹر سولیڈ ویسٹ واثق ظفر، ڈائریکٹر پارک نسیم اختر، پی ایس ٹو چیئرمین عمر جان بلوچ اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ ملیر کے تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے حوالے سے طلبا و طالبات کو بہتر مواقع فراہم کئے جائینگے، ایسے وقت میں جب تنگدستی کی وجہ سے غریب لوگ اپنی اولادوں کو سرکاری اسکولوں میں تعلیم دلوانے کے لئے بھیجتے ہیں تو ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہم غریب عوام کو ہر سطح پر تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کریں ،تعلیم کے حوالے سے درپیش شکایات کے حل کیلئے عوام کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ملیں گے۔

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے اسکول میں بیت الخلا ، پانی کی خراب موٹر اور صفائی ستھرائی پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فوری طور پر مزکورہ اسکول میں صفائی ستھرائی اور بیت الخلا کے مسائل کو ترجیحات پر حل کیا جائے،پانی کی موٹر کی فوری مرمت کروائی جائے، بلڈنگ اور فرنیچر کی مرمت کو یقینی بنایاجائے، چیئرمین بلدیہ ملیر نے ڈائریکٹر ایجوکیشن کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیر کے تمام خستہ حالت بلدیاتی سرکاری اسکولوں اور ان میں درپیش مسائل کے حل کیلئے سفارشات پیش کی جائیں تاکہ فوری طور پر سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے مسائل ترجیحاتی بنیادوں پر حل کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں