سردار رحیم کا سندھ بھر کے تمام محکموں میں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ

منگل 17 اپریل 2018 21:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے اطلاعات سیکریٹری سردار رحیم نے سندھ بھر کے تمام محکموں میں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ اپنے جاری بیان میں فنکشنل لیگ کے صوبائی جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار رحیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت پچھلی ایک دہائی سے کانٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا راگ الاپ رہی ہے لیکن ملازمین کو مستقل نہیں کیا جارہا ہر بار الیکشن سے قبل کانٹریکٹ ملازمین کو مستقلی کا لالی پاپ دیا جاتا ہے تاکہ ان سے انکا قیمتی ووٹ حاصل کیا جائے اور بعدازاں انہیں فراموش کردیا جاتا ہے یہ کہاں کا انصاف ہے سردار رحیم نے کہا کہ سندھ کے مختلف محکموں جن میں صحت سے لیکر تعلیم ، آبپاشی، زراعت، بہبود آبادی ، بلدیات، فشریز، خوراک اور دیگر محکمے شامل ہیں میں ہزاروں کی تعداد میں کانٹریکٹ ملازمین ہیں جنہیں تاحال مستقل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئے روز ملازمین اپنی مستقلی کے حوالے سے سڑکوں اور سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے نظر آتے ہیں لیکن بے حس حکمرانوں کو انکا احتجاج نظر نہیں آتا بلکہ اس سے بڑھ کر اپنا حق مانگنے والے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے سردار رحیم نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ان ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے اقدامات اٴْٹھائے ورنہ فنکشنل لیگ ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے سخت احتجاج کریگی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں