کراچی ، عسکری پارک میں جھولا گرنے سے بچی جاں بحق،

16 افراد زخمی ،پولیس نے عسکری پارک سیل کردیا واقعے کی انکوائری کیلئے پارک انتظامیہ کا تعاون یقینی بنایا جائے،آئی جی سندھ کی ایس ایس پی ایسٹ کو فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایات گورنر سندھ نے جھولا گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

پیر 16 جولائی 2018 13:41

کراچی(این این آئی پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری پارک میں جھولا گرگیا ۔جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 10 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق 8 سے 10 سالہ بچی کا نام کشف بتایا گیا، اس کے علاوہ دو دیگر بچوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق جھولے کو ٹرائل پر چلایا جارہا تھا جبکہ ریسکیو عملہ حادثے کے بعد دیر سے پہنچا اور گرنے والے جھولے کو اٹھانے کے لیے کرین بلوائی گئی۔

واضح رہے کہ اتوار کی وجہ سے پارک میں کافی رش تھا، جسے اب عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے۔واقعے کے نتیجے میں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری پارک پہنچ گئی اور جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔جھولا گرنے کے بعد پولیس نے عسکری پارک کو سیل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے پارک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جائزہ لینے کے بعد اعلیٰ افسران کی ہدایت پر پارک کھولا جائیگا۔

علاوہ ازیں چیف سیکریٹری سندھ اعظم سلیمان کے احکامات پر صوبے بھر کے پارکوں میں جھولے تین روز کیلئے بند کر دیے گئے۔اعظم سلیمان نے کہا ہے کہ تین روز میں ٹیکنیکل انسپیکشن کے بعد جھولوں کو کھولا جائیگا۔آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے بھی ایس ایس پی ایسٹ کو فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایات کیں۔انہوں نے ہدایات دیں کہ واقعے کی انکوائری کیلئے پارک انتظامیہ کا تعاون یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر نے جھولا گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں