بچوں کی ہلاکت ،سندھ فو ڈ اتھارٹی کو نجی ہوٹل کے مالک کو رپورٹ کی نقول فراہم کرنے کا حکم

منگل 20 نومبر 2018 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے کلفٹن کے ریسٹورنٹ میں 2 کم سن بچوں کی ہلاکت سے متعلق نجی ہوٹل کے مالک کی درخواست پر ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کو جانچ کی رپورٹ آنے تک میڈیا سے بات کرنے سے روکتے ہوئے رپورٹ کی نقول درخواستگزار کو دینے کا حکم دیدیا۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کلفٹن کے ریسٹورنٹ میں 2 کم سن بچوں کی ہلاکت کے واقعے سے متعلق ہوٹل کے مالک کی سندھ فوڈ اتھارٹی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

ڈائیریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ عدالت میں پیش ہوگئے۔ ڈائیریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ نے بتایا رپورٹ 25 نومبر تک آئے گی، اس کے بعد ہم سندھ فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت انکوائری کرینگے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی سے استفسار کیا کہ رپورٹ آنے سے پہلے آپ نے میڈیا کو بیان کیوں دیئی ابرار شیخ نے بتایا کہ میں نے میڈیا کو یہ بتایا کہ یہاں کیا واقعہ ہوا اور کب ہوا دوران سماعت وکیل درخواست گزار اور ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ڈائریکٹر صاحب کو میڈیا میں آنے کا بہت شوق ہے، جیسے ہی واقعہ ہوا انہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ریسٹورنٹ کے خلاف بیان دے دیا۔ ابرار شیخ نے کہا کہ مجھے کوئی شوق نہیں میڈیا میں آنے کا، مجھ سے پہلے ہی میڈیا والے پہنچ گئے تھے۔ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ان کے گودام میں 2015 کا گوشت پڑا تھا۔

ہم نے واقعہ کے بعد ریسٹورنٹ کو سیل کیا تھا۔ درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہمارا ریسٹورنٹ سیل نہیں کیا ہم نے رضا کارانہ طور پر خود بند کیا ہے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہمارے خلاف میڈیا کمپنی شروع کر رکھی ہے۔ ایکسپائر گوشت گوشت صرف نمونے کے طور پر کی طرح رکھا ہوا تھا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی حقائق کے برعکس میڈیا کو گمراہ کررہی ہے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی والے جب ہمارے پاس آئے تھے انہوں نے خود فوٹیج بنائی تھی۔ وہ فوٹیج میڈیا کو جاری کرکے ہماری خلاف مہم چلاوائی۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کو ہمارے خلاف مہم سے روکا جائے۔ عدالت نے ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کو جانچ کی رپورٹ آنے تک میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے رپورٹ کی نقول درخواست گزار کو دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں