وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے کھیل سردار بخش مہر نے ارکان اسمبلی کو اپنے ماتحت محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے کھیل،امور نوجوانان اور صنعت و تجارت سردار محمد بخش خان مہر نے ماتحت محکموں صنعت،تجارت،کھیل اور امور نوجوانان، کی کارکردگی اور موجودہ منصوبوں اور مستقبل کی اسکیموں کے بارے میں اراکین سندھ اسمبلی کی کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی محترمہ ندا کھوڑو، محترمہ سعدیہ جاوید،سیدہ ماروی فصیح،محترمہ ھیر سوہو کے علاوہ گھنور علی خان اسران،فرخ شاہ،محمد قاسم سومرو،بیرسٹر پیر مجیب الحق اور سید زوالفقار علی شاہ موجود تھے جبکہ سیکریٹری صنعت سندھ عبدالحلیم شیخ،سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان ہارون احمد خان، مینیجنگ ڈائریکٹر سائٹ اطہر علی میرانی،مینیجنگ ڈائریکٹر سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن ڈاکٹر ثروت فہیم، سیکریٹری سائٹ امداد علی شاہ اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس نیو سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں منعقد ہوا۔اس طویل اجلاس میں صوبائی مشیر محمد بخش مہر نے سب سے پہلے محکمہ صنعت کی کارکردگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل زونز کی سیفٹی اور سیکیوریٹی کے لئے مؤثر انتظامات کئے جارہے ہیں اور انڈسٹریل زونوں کی باؤنڈری وال تعمیر کر کے یہاں محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ صنعتی زون میں کسی قسم کی انکروچمنٹ نہ کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے صنعتی زونز میں تجاوزات ختم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پالیسی بنارہے ہیں کہ دوسال تک صنعتی استعمال میں نہ لائے جانے والے صنعتی پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی۔اور صنعتی پلاٹ کو کسی دیگر مقصد کے لئے استعمال پر بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی زونوں اور ٹریننگ سینٹرز کو مربوط کر کے صنعتوں کو ان کی ضرورت کے مطابق اسکلڈ لیبر فراہم کی جائے گی۔

محکمہ کھیل اور امور نوجوانان کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت جلد اسپورٹس پالیسی لارہے ہیں اور سندھ میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سندھ گیمز، شیر سندھ ملاکھڑا، بیچ گیمز،ٹور دی سندھ سائیکل ریس کے ساتھ ساتھ انٹر اسکول اور انٹر کالجز کھیلوں کے مقابلے اور قومی و بین الاقوامی دنوں پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کھیلوں کے سامان کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے سیالکوٹ کی طرز پر صنعتی زون بنائیں گے اور یہاں صنعتکاروں کو خصوصی مراعات دیں گے تاکہ وہ کھیلوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کریں اور صوبے میں کھیلوں کو فروغ ملے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں فزیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لئے تعلیمی اداروں کے میں بلاول پروگرام شروع کرنے کا ارادہ ہے تاکہ طالب علموں کو فزیکل ایجوکیشن بھی باقاعدہ طور سے فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں زیادہ عرصیگرم موسم کے سبب انڈور گیمز کے فروغ کے لئے انڈور گیمز ھالز کو ایئر کنڈیشنڈ کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔انہوں نے بتایا کہ اولمپک چارٹر کے مطابق کھلاڑیوں کے لئے میڈیکل یونٹس بھی بنانے کا پروگرام زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔اس موقع پر معزز اراکین سندھ اسمبلی نے صوبائی مشیر سے سوالات کئے جن کے صوبائی مشیر اور ان کے محکموں کے افسران نے تفصیلی جوابات دیئے۔ اراکین اسمبلی نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں اور صوبائی مشیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں