وفاقی حکومت کے وزیر نے کلین کراچی مہم کے نام پر شہر میں گندگی کے ڈھیر لگا دیئے ہیں،مرتضیٰ وہاب

انکی مہم ختم ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے مگر کچرا ابھی تک یہیں پڑا ہے وفاقی وزیر کو یہ کچرا لینڈ فل سائٹ تک پہنچانا تھا مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا ،مشیر ماحولیات سندھ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر ماحولیات ، قانون و ساحلی ترقی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے وزیر نے کلین کراچی مہم کے نام پر شہر میں گندگی کے ڈھیر لگا دیئے ہیں جنہیں صوبائی حکومت صاف کررہی ہے ۔ مشیر ماحولیات نے مائی کولاچی روڈ سے متصل گرانڈ کا اچانک دورہ کیا جہاں نہر خیام سے کچرا نکال کر ڈمپ کردیا گیا تھا ۔

صوبائی مشیر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ کے حکام کو ہدایات دیں کہ فی الفور کے پی ٹی گرانڈ سے کچرا اٹھایا جائے ۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے کلین کراچی مہم کے نام پر شہر میں گندگی پھیلائی ہے اور ہمیں ان کی مہم کا پھیلایا ہوا کچرا صاف کرنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہر خیام سے سیوریج کا کچرا نکال کر میدان میں پھیلانا کہاں کا انصاف ہے اب انکی مہم ختم ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے مگر کچرا ابھی تک یہیں پڑا ہے وفاقی وزیر کو یہ کچرا لینڈ فل سائٹ تک پہنچانا تھا مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے لیئے مسائل پیدا کرنے کا سبب بن رہی ہے انہوں نے یہاں سے چندہ لیا مگر کوئی کام نہیں کیا ماسوائے کراچی کے شہریوں کے لیئے مسائل پیدا کرنے کے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور نیب تحریک انصاف کے وزرا سے بھی پوچھے کہ کلین کراچی مہم کے پیسے کہاں اور کس طرح خرچ کیئی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے نام نہاد قائدین نے کراچی شہر کو صاف کرنے کے بجائے مزید گندہ کیا ہے جبکہ ہم شہر کراچی سے بلا تفریق کچرا اٹھا رہے ہیں ۔

ان کی کلین کراچی مہم میں صرف بارہ ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ پر پہنچایا گیا جبکہ ایک لاکھ پینتیس ہزار ٹن کچرا سڑکوں پر پھینک کر مزید گندگی پھیلائی اور شہر کے حسن کو داغدار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعت چندوں پر چل رہی ہو اس کے متعلق بات کرنا وقت کا زیاں ہے ۔ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے جو سیاست دانوں کو روکنے کا اختیار نہیں دیتا بھلا کسی سیاست دان کا رابطہ عوام سے کیسے کاٹا جا سکتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں