شہری کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہوںبلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

مرگی کے مریض ان ایام میں معالج کے مشورے سے دیگر ادویات کے ساتھ ملٹی وٹامنز روزآنہ لیں چونکہ فلو سیزن ختم ہورہا ہے اسلئے امید ہے پاکستان میں کورونا وائرس دیگر ممالک کی طرح نہیں پھیلے گا

جمعہ 28 فروری 2020 00:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان کی صدر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان میں کورونا وائرس پہنچنے کی خبر پریشان کن ضرور ہے مگر محض پریشان ہونے سے مسئلہ حل نہیں ہوگابلکہ حکومت اور عوام کو مل کر عملی اقدامات اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوں گے۔امید یہ ہے کہ یہ وائرس بھی فلووائرس کی طرح فروری کے آخر یا مارچ کے مہینے میں ختم ہوجائے گا۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عوام الناس، مختلف امراض اور مرگی کے مرض میں مبتلا افراد کو چند ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ شہری کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔جن لوگوں میں قوت مدافعت کا نظام ٹھیک طرح سے کام کررہا ہو تو ان میں سے 98 فیصدمریض بخار ، نزلہ ، کھانسی کے بعد صحت مند ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ وائرس 2 سے 3 فیصد لوگوں کے لئے جان لیوا ثابت ہوتا ہے جن کے جسم میں اگر قوت مدافعت کا نظام ٹھیک طرح سے کام نہیں کررہا ہو یا پھر کمزور ہو۔ایسے وائرس سے چھوٹے بچے اور بزرگوں کے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے۔مرگی کے مریضوں کوان کے معالج عموماً ملٹی وٹامن تجویز کرتے ہیں جن میں فولک ایسڈ، وٹامن سی اور بی کمپلیکس وغیرہ جیسی ادویات شامل ہوتی ہیں۔

مرگی کے مریض ان ایام میں اپنے معالج کے مشورے سے دیگر ادویات کے ساتھ ملٹی وٹامن روزآنہ لینا شروع کردیں۔دوسری احتیاط یہ کی جائے کہ جب بھی پبلک مقامات پر جائیں تو N45 ماسک یا پھر کوئی بھی ماسک جو دستیاب ہو استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیسری اور اہم بات یہ ہے کہ مختلف امراض میں مبتلا بالخصوص مرگی کے مریض ٹینشن بالکل نہ لیں اور نیند ضرور پوری کریں۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ امید ہے کہ چونکہ فلو سیزن کا خاتمہ ہورہا ہے اس لئے پاکستان میں کورونا وائرس چین، اٹلی، ایران و دیگر ممالک کی طرح نہیں پھیلے گا اور عوام بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ پوری انسانیت کو اس وائرس سے نجات عطا فرمائے اور ہمارے وطن کو ہر وبا سے محفوظ رکھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں