کراچی، پی ایس 88 انتخابی مہم کے دوران سیاسی کارکنان پر تشدد، 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

منگل 26 جنوری 2021 19:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2021ء) کراچی میں پی ایس 88 انتخابی مہم کے دوران ائیرپورٹ پر پولیس اور سیاسی کارکنان پر تشدد کا مقدمہ 6 ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شارعِ فیصل پر ائیرپورٹ کے قریب پولیس اور سیاسی کارکنان پر نامعلوم افراد نے تشدد کیا۔ ائیرپورٹ تھانے میں 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ پی ٹی آئی کارکن سمیع اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان شارعِ فیصل پر پی ایس 88 انتخابی مہم کے پمفلٹ تقسیم کر رہے تھے۔ اس دوران 3 افراد نے ہمارے پارٹی رہنما کے خلاف نازیبا الفاظ کہے اور گالی گلوچ شروع کردی۔ مدعی مقدمہ سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ میں نے سمجھانے کی کوشش کی تو تینوں افراد نے مجھ پر حملہ کیا اور مارپیٹ شروع کردی۔

(جاری ہے)

میں نے مددگار 15 کو فون کیا تو پولیس فوراً موقعے پر پہنچ گئی۔

اسی دوران نامعلوم ملزمان کے مزید ساتھی بھی آگئے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مددگار پولیس اسٹاف پر بھی حملہ کردیا۔ پولیس کانسٹیبل شاہ زیب کو مارپیت کرتے ہوئے شرٹ کے بٹن بھی توڑ دئیے۔ مددگار ون فائیو اسٹاف نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی۔ ایک شخص نے ہمارے پارٹی کارکن ایاز اسلم کو بھی مارا اور کپڑے پھاڑ دئیے۔ مارپیٹ اور تشدد میں 6 نامعلوم افراد ملوث تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پولیس پارٹی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد کرنے والے افراد کی ویڈیو پولیس کو فراہم کردی گئی ہے۔ مدعی مقدمہ نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی استدعا کی ہے۔ واضح رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں پی ایس 88 ملیر کے ضمنی انتخاب کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور پی ٹی آئی کے امیدوار مدِ مقابل ہوں گے جبکہ ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کیلئے اپنا امیدوار انتخاب سے دستبردار کرنے سے انکار کردیا ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں