شہر قائد میں دھماکوں کی حالیہ لہر نے حکام میں تشویش کی لہر دوڑا دی

بدھ 18 مئی 2022 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2022ء) شہر قائد میں دھماکوں کی حالیہ لہر نے حکام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، شہر میں خود کش اور پلانٹڈ دھماکوں کے بعد پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔پولیس حکام نے شہر میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس اہل کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سادہ لباس میں بھی موٹر سائیکل پر گشت کریں، اور گشت کے دوران پولیس موبائل سے رابطے میں رہیں۔

دکان داروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دکان کے آگے غیر متعلقہ شخص کو پارکنگ کی اجازت نہ دیں، کوئی دکان کے سامنے گاڑی کھڑی کر کے چلا جائے تو فوری اطلاع دیں، کوئی خود گاڑی کھڑی کر کے چلا جائے تو پارکنگ نمائندہ پولیس کو اطلاع دے۔

(جاری ہے)

بازاروں میں پارک موٹر سائیکل، مشکوک سامان دیکھیں تو فوری اطلاع دیں، کرائے داری ایکٹ پر بھی سخت عمل درآمد کیا جائے۔

اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ کلیئرنس کے بعد ہی دھماکے کے مقام پر سیاسی شخصیات کا دورہ ہو سکے گا، نیز سیاسی شخصیات اور پولیس افسران دھماکے کے مقام سے فاصلے پر میڈیا ٹاک کریں گے۔دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لینے کی ذمہ داری متعلقہ ایس ایس پی کی ہوگی، زخمیوں کو اسپتال میں علاج کی نگرانی ڈی ایس پی، ایس ایچ او کی ہوگی۔شہریوں کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ مشکوک موٹر سائیکل، سائیکل، بیگ موجودگی پر مددگار 15 پر اطلاع دیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشکوک اشیا کی موجودگی پر مساجد سے بھی اعلان کرایا جائے گا۔واضح رہے کہ شہر میں گزشتہ 21 روز میں 3 دھماکے ہو چکے ہیں، 26 اپریل کو جامعہ کراچی میں خود کش دھماکا ہوا، 12 مئی کو صدر جبکہ 16 مئی کو کھارادر میں پلانٹڈ دھماکا ہوا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں