صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا،جام اکرام اللہ دھاریجو

جمعہ 19 اپریل 2024 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت محکمہ صنعت و تجارت کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری صنعت محمد یاسین شر بلوچ، ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری صنعت محمد یاسین شر بلوچ اور ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کو جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسران سے کہا کہ وہ صوبے میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے ساتھ اچھے ورکنگ ریلیشن شپ کو برقرار رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود صنعتی زونز کا دورہ کرکے درپیش مسائل کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کو بہتر کریں، تجاوزات کا خاتمہ کریں اور ملازمین کی بروقت تنخواہوں کے اجرائ کو یقینی بنائیں۔

۔صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے امید ظاہر کی کہ محکمہ کے افسران اہداف حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے کیونکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سندھ میں صنعتی انقلاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے اور ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کو بھی فعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نئے صنعتی زونز میں پلاٹس کو درخواست گزاروں کو جلد از جلد قبضہ دیا جائے تاکہ وہ وہاں صنعتیں قائم کریں اور صوبے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں