سرائیکی پرفیشنلز فورم نے سرائیکی صوبے کے فوری قیام کا مطالبہ کردیا

'24اپریل یوم شہدائے بہاولپور 'ریاست کے نوجوانوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے،ڈاکٹرعبدالجبار خان

بدھ 24 اپریل 2024 18:14

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سرائیکی پرفیشنلز فورم نے سرائیکی صوبے کے فوری قیام کا مطالبہ کردیا،،سرائیکی پروفیشنلز فورم کے صدرپروفیسرڈاکٹرعبدالجبارخان ودیگرنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ '24اپریل یوم شہدائے بہاولپور 'ریاست کے نوجوانوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ان کامزید کہناتھاکہ تاریخی اور جغرافیائی لحاظ سے سرائیکی وسیب ایک الگ شناخت رکھتا ہے اور متوازن وفاق کیلئے سرائیکی صوبے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 24اپریل یوم شہدائے بہاولپور کی یاد میں منایا جاتا ہے اور 1970میں وقت کے ڈکٹیٹر نے ریاست بہاول پور کو طاقت کے بل بوتے پر پنجاب میں شامل کروادیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 24اپریل 1970کو بہاولپور میں تخت لاہور نے بہاولپور ریاست کے باسیوں کو ون یونٹ کے اختتام کے بعدبہاول پور کی حیثیت کی بحالی کے مطالبہ کی پاداش میں جلیاں والا باغ کی تاریخ دہرائی اور یہاں جنرل عتیق نے جنرل ڈائر کا کردار ادا کیا اور نہتے مظلوم ریاستیوں کو شہید اور زخمی کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست بہاول پور نے قیام پاکستان میں بھر پور مالی و اخلاقی حمایت فراہم کی مگر افسوسناک بات یہ ہے قائد اعظم اور نواب آف بہاولپورسر صادق محمدخان عباسی کے درمیان ہونے والے معاہدات پر عملدرآمد نہیں ہورہا ۔ سرائیکی پروفیشنلز فورم کے سرپرست نے کہا کہ سرائیکی وسیب غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ، زمینوں اور وسائل کو لوٹ مار جاری ہے جبکہ سرائیکی روزگار نہ ہونے وجہ سے خود کشیاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان تمام مسائل کاحل صرف اورصرف الگ سرائیکی صوبہ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں