ڈپٹی میئر کراچی کا مختلف بازاروں اور کمرشل علاقوں کا دورہ، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ

جمعرات 25 اپریل 2024 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری گرینڈ آپریشن کی نگرانی کرنے کے لئے ایم اے جناح روڈ پر واقع مختلف بازاروں اور کمرشل علاقوں کا دورہ کیا اور تجاوزات ہٹانے کے لئے ہونے والی کارروائی کا جائزہ لیا۔ جمعرات کوجاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر عمران راجپوت نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی اور ڈی آئی جی ٹریفک سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ جن علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے وہاں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور پولیس کی موجودگی کے باعث تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ آپریشن کے دوران انتظامیہ کی ضرورت پوری کرنے کے لئے تمام متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے تاکہ تمام اداروں کو ایک پیج پر لایا جاسکے اور تجاوزات کے خلاف جاری اس مہم کو موثر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہذا ہرممکن کوشش کی جائے کہ اس آپریشن کو جلد از جلد مکمل کرکے شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں