صوبا ئی وزیر محکمہ سماجی بہبود کا سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ

جمعرات 25 اپریل 2024 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) صوبا ئی وزیر محکمہ سماجی بہبود طارق علی تالپور نے محکمہ سماجی بہبود کے سیکریٹری ساجد جمال ابڑو کے ہمراہ سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی (ایس سی پی اے)کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈی جی محکمہ سماجی بہبود نثار احمد شیخ نے سندھ بھر میں بچوں کے حقوق اور بہبود کے تحفظ کے لیے حکومت کی غیر متزلزل لگن کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر صوبا ئی وزیر کو سندھ چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2011ترمیم شدہ2021 کے مطابق سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی نے سندھ کے 30اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کیے ہیں جس کی قیادت چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی ریفرل بیسڈ سسٹم پر کام کر رہی ہے جس میں سرکاری محکموں کے متعدد اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کی تنظیمیں بھی شامل ہیں جس کا مقصد بچوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

مزید یہ کہ سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی نے سندھ چائلڈ ہیلپ لائن (1121)قائم کی ہے جوکہ سندھ کے تمام 30اضلاع میں 24/7کام کرتی ہے۔ 2018سے اپریل 2024تک مجموعی طور پر 146,226کالیں موصول ہوئی ہیں جو مسلسل رابطے اور تعاون کو یقینی بناتی ہیں۔ انچارج ہیلپ لائن نے بتایا کہ ہیلپ لائن قائم کردہ ایس او پیز پر فعال طور پر کام کر رہی ہے اور رپورٹ ہونے والے تمام کیسز کو فوری طور پر متعلقہ ایجنسیوں/چائلڈ پروٹیکشن افسران کو بھیج دیا جاتا ہے۔

روزانہ کی پیشرفت کو ظاہر کرنے والا ڈیش بورڈ بھی صو بائی وزیرطا رق علی تالپو ر کو دکھایا گیا۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے یونیسیف کے تعاون سے اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ تمام چائلڈ پروٹیکشن آفیسرز کو زوم میٹنگز کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مدارس سمیت ہر جگہ کا دورہ کریں تاکہ بچوں کے تحفظ سے متعلق تمام اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

بچوں کی حفاظت کے لیے سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی نے ملیر، سعود آباد میں بے سہارا اور یتیم بچوں کے لیے شیلٹر ہوم قائم کیا ہے جس میں300بچوں کے رہنے کی گنجائش مو جو د ہے اور اس میں بورڈنگ، حفظان صحت، تعلیم، تفریح، قانونی مدد، اور روزانہ کی بنیاد پر 3 بار غذائیت سے بھرپور خوراک کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ فی الحال اس شیلٹر ہوم میں 30 بچے بشمول 18 لڑکیاں اور 12 لڑکے مو جو د ہیں۔

صوبا ئی وزیر نے ہیلپ لائن سمیت تما م دفاتر کا دورہ کیا اور بچوں کے تحفظ سے متعلق موجودہ پالیسیوں اور بچوں کے تحفظ کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے اور خطرے سے دوچار بچوں کے لیے امدادی خدمات کو بڑھانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے سینئر افسران کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ صوبا ئی وزیرطارق علی تالپور نے بچوں کے تحفظ کے لیے ایس پی سی اے اور اس کے عملے کی انتھک کوششوں کی تعریف کی اور حکومتی محکموں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور کمیونٹی کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچہ محفوظ اور بہتر پرورش کے ماحول میں رہنے کا مستحق ہے، ہم بچوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے انتھک محنت کرتے رہیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سندھ میں ہر بچے کو وہ دیکھ بھال اور مدد ملے جو اسے کامیاب ہونے کے لیے درکار ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں