ماڈرن جی ٹی ایس کی تعمیر سے صحتمند ماحول میسر آئے گا، کام کی رفتار بھی تیزہوگی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ

جمعہ 26 اپریل 2024 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے طرزپر ماڈرن جی ٹی ایس کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے اپنی زیرصدارت اجلاس میں کہا کہ صاف ماحول کی فراہمی ہماری ترجیح ہے لہذا اس مسئلے کا حل کچرے کوبروقت علاقوں سے اٹھانے کے ساتھ ساتھ محفوظ مقام تک پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کے ماڈرن جی ٹی ایس کی تعمیرسے شہریوں کوصحتمند ماحول میسر ہو گاجبکہ صفائی کے کام میں مزید بہتری اور تیزی بھی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی چار جی ٹی ایس بشمول جی ٹی ایس شرافی، جی ٹی ایس امتیاز، جی ٹی ایس گٹر باغیچہ اور جی ٹی ایس ڈنگا مور کو ماڈرن جی ٹی ایس بنایاجائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ترکیہ کی کمپنی کے ٹیم لیڈرسالڈ ویسٹ سپشلسٹ مسٹر مارٹن جان ایج (Mr. Martin John Edge)نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سویپ پراجیکٹ کے اشتراک سے بین الاقوامی معیار کے طرز پرماڈرن جی ٹی ایس کی تعمیر کے کام کے آغازکے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تعمیراتی کام کاآغاز اگلے ہفتے سے کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں انہوں نے گاربیج ٹرانسفر سٹیشن کے آرکیٹکٹ ڈیزائن اور3Dڈیزائن کے ذریعے جی ٹی ایس کا آپریشنل ایریا، کچرے کی گاڑیوں کی آمدورفت کا راستہ، مٹیریل ریکوری فیسیلیٹی و دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔جی ٹی ایس کو بائونڈری وال کرکے محفوظ بنایا جائے گا، کچرے کی بدبوکو کنٹرول کرنے کے لئے چارکول فلٹریشن کے علاوہ آپریشن والے ایریا کو کورکیا جائے گا،گرین ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اطراف میں پودے اور سبزے کے لئے بھی جگہ مختص کی گئی ہے۔

اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی،ڈائریکٹر جی ٹی ایس غلام عباس میمن،ڈپٹی ڈائریکٹرآفتاب سومرو، سویپ پروجیکٹ کے مینجمنٹ سپیشلسٹ ایاز شیخ،نجی کمپنی کے ٹیکنیکل کوآرڈینیٹرشیراز احمد، کنسلٹنٹ ڈاکٹر شہزادہ،کنسلٹنٹ شفیق الرحمن ودیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں