بلاول چاہتے ہیں کہ سندھ کے طلبا کو عوامی کتب خانوں میں کتب سمیت تمام سہولیات میسر ہوں، سید ذولفقار علی شاہ

جمعہ 26 اپریل 2024 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذولفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ ہمارے کتب خانے جدید طرز اور دور حاظر کی جدید کتب سے آراستہ ہوں جہاں سندھ کے طلبا کو عوامی کتب خانوں میں کتب سمیت تمام سہولیات میسر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک لائیبریریز سندھ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اجلاس میں ڈی جی لائیبریریز سندھ اعجاز شیخ، ڈائریکٹرز لائیبریریز محمد ارشد پاٹولی، غلام سرور چنڑ، بشارت بلوچ، شبیر لغاری، عبدالمجید کلوئی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز گل منیر جروار، جاوید اقبال، شیراز شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی لائیبریریز سندھ اعجاز شیخ نے بتایا کہ سندھ کے تمام 6 ڈویژنز میں اس وقت 44 پبلک لائیبریریز موجود ہیں، جہاں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد کے پیش نظر متعدد لائیبریریز کی توسیع کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 2013 سے اب تک کسی قسم کی بھرتیاں نہ ہونے کے سبب گریڈ ایک سے 19 تک کل 645 پوسٹوں میں سے 419 تاحال خالی ہیں لہذا ڈائریکٹوریٹ آف پبلک لائیبریریز کو اس وقت شدید افرادی قوت کا سامنا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ قارئین کی سہولت کے لیے ای لائیبریری پورٹل پر 100 ملین سے زائد کتب موجود ہیں جہاں سے قارئین جب چاہیں جہاں سے چاہیں اپنی پسندیدہ کتاب کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ہماری نیت نیک اور ارادے پختہ ہیں، لائیبریریز میں عوامی سہولیات اور جدید کتب کے معائنے کے لیے جلد تمام لائیبریریز کا خود دورہ کروں گا۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ عوامی مفاد عامہ سے متعلق کسی قسم کا جھوٹ، غلط بریفنگ یا حیلے بہانے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں