صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ سے صاحبزادہ سلطان محمد علی اور یوسف بشیر قریشی کی ملاقات

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) صوبائی وزیر برائے ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ سے معروف انٹرنیشنل آف روڈ کار ریسر صاحبزادہ سلطان محمد علی اور معروف آرٹسٹ، فیشن ڈیزائنر یوسف بشیر قریشی نے انکے دفتر میں ملاقات کی اورسندھ کے سیاحتی و ثقافتی مقامات کو مزید اجاگر کرنے کے اقدامات پر تبادل خیال کیا۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر نے تھر میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے تھر ڈیزرٹ جیپ ریلی کے انعقاد کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جس سے سندھ کی سیاحت کو فروغ ملے اور دنیا ہمارے قدیمی و تاریخی ورثوں کے بارے مزید جانے۔انہوں نے صاحبزادہ سلطان محمد علی اور یوسف بشیر قریشی کو محکمہ ثقافت و سیاحت کے ذیلی ادارے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ(پی آئی ٹی ایچ ایم)کا بھی دورہ کروایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پتھم کے دورے کے دوران مہمانوں کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہا ہے، ادارے میں زیر تربیت طلباء کو انٹرنیشنل اسٹینڈرڈز کے مطابق کھانوں کی تیاری اور پیش کرنے کی تربیت دی جاتی ہے اورانہیں کھانوں کے علاوہ پاکستان کے سیاحتی و ثقافتی مقامات سے متعلق بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے فارغ التحصیل طلبا ء اپنی تربیت کے ذریعے دنیا بھر میں نہ صرف پاکستان کے روایتی کھانوں بلکہ بین الاقوامی سطح پر دنیا بھر میں کھائے جانے والے کھانوں سے لوگوں کو اپنے ذائقوں کے گرویدہ بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ میں حکومت سندھ کی مدد سے زیر تربیت طلبا ء کی تیار کردہ ڈشز انہیں کھانے کے لیے فراہم کی جاتی ہیں جبکہ دیگر اداروں میں زیر تربیت طلبا ء اپنی تیار کردہ ڈشز کو کھانے کی باقاعدہ قیمت ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ سندھ کے نوجوان دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کا نام روشن کریں، اسی لیے ہم اپنے نوجوانوں و طلبا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں مہمانوں کو طلبا ء کی جانب سے تیار کی جانے والی بین الاقوامی ڈشز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر صاحبزادہ سلطان اور یوسف بشیر قریشی نے ادارے میں زیر تربیت طلبا ء کے تیار کردہ کھانوں اور پریزینٹیشن کی تعریف کی اور ذائقے کو بھی خوب سراہا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ کا ذیلی ادارہ پتھم حقیقی معنوں میں دنیا بھر میں بالخصوص سندھ و پاکستان کی ثقافت و سیاحت کے اجاگر میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ مہمانوں نے صوبائی وزیر ثقافت کے اقدامات کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعائون کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے مہمانوں کو موہن جو دڑو سے ملنے والی نوادرات کی نقول بطور تحفہ پیش کیں۔ یاد رہے کہ صاحبزادہ سلطان محمد علی صوفی بزرگ حضرت سلطان باہو کے گدی نشین اور گھڑدوڑ سے بھی اپنی شناخت رکھتے ہیں جبکہ یوسف بشیر قریشی فیشن اور آرٹ انڈسٹری میں اپنا مقام رکھتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر پی آئی ٹی ایچ ایم ہدایت اللہ میمن بھی ہمراہ تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں