دو شادیاں کرنے والے یوسف خان کا قتل ڈکیتی مزاحمت یا کچھ اور دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی

نامعلوم حملہ آور پیدل آیا، بحث کی، فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہونے کے لیے مقتول کی موٹر سائیکل ساتھ لے گیا،پولیس حکام

اتوار 12 مئی 2024 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں ایک شہری کے قتل کی واردات ہوئی ہے، ابتدائی رپورٹس کے بر عکس معلوم ہوا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں بلکہ قاتل اور مقتول ایک دوسرے کو جانتے تھے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 3 میں فائرنگ سے 49 سالہ یوسف خان کے قتل کی تحقیقات الجھ گئی ہے، ایس ایچ او سپر مارکیٹ کے مطابق یوسف خان ولد امیر حیدر کے قتل سے متعلق پولیس نے کچھ شواہد اور فوٹیج حاصل کر لیے ہیں، جنھیں دیکھتے ہوئے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ واردات ڈکیتی مزاحمت کی تھی۔

پولیس بیان کے مطابق مقتول یوسف خان اپنی ساس کے گھر آیا ہوا تھا، جب وہ اپنی ساس کے گھر سے نیچے اترا تو پیدل آنے والے ایک نامعلوم شخص سے اس کی بحث ہوئی جس نے ماسک لگا رکھا تھا، بعد ازاں مقتول اور پیدل آنے والے شخص گتھم گتھا بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی ایک دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں قاتل اور مقتول کی آپس میں کسی معاملے پر تکرار دیکھی جا سکتی ہے، پولیس حکام کے مطابق گولی مارنے کے بعد قاتل نے مقتول کی جیب میں موجود 20 ہزار روپے اور قیمتی موبائل فون نہیں لوٹا۔

قاتل فائرنگ کر کے مقتول کی موٹر سائیکل لے کر فرار ہوا، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، جب کہ مقتول کی نعش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، یوسف خان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ برف خانے کا مالک اور میٹروول کا رہائشی تھا، جس نے دو شادیاں کر رکھی تھیں۔پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آور پیدل آیا، بحث کی، فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہونے کے لیے مقتول کی موٹر سائیکل ساتھ لے گیا، بہ ظاہر لگتا ہے کہ قاتل اور مقتول ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں