شہر قائد میں آئندہ 10 دنوں تک گرمی کا زور برقرار رہے گا،محکمہ موسمیات

شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت 40 تا 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جائے گی ،ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے،چیف میٹرولوجسٹ

منگل 14 مئی 2024 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آئندہ 10 دنوں تک گرمی کا زور برقرار رہے گا۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں جاری گرمی کے حوالے سے کہا ہے کہ شہر میں آئندہ 10 روز تک موسم گرم رہنے کا امکان ہے اوراس دوران درجہ حرارت38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت 40 تا 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جائے گی جبکہ اس دوران ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ مئی اور جون میں ہمیشہ اسی طرح گرمی ہوتی ہے، تاہم اندرون سندھ میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جبکہ 40 تا 45 دادو جیکب آباد و اطراف کا نارمل درجہ حرارت ہے۔انہوں نے کہا کہ 24 مئی تک ان علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ درجہ حرارت 48 تا 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں سورج آنکھیں دکھانے لگا، سمندری ہوائیں پھر معطل ہوگئیں، گرمی اور حبس نے شہریوں کو بے حال کردیا ہے۔شہر قائد میں منگل کوصبح کے اوقات میں درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ ہفتے تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں