مسیحی برادری کے مسائل حل کر نے کے لیئے جدوجہد جاری رکھو ں گی، روما مشتاق

منگل 14 مئی 2024 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کی نائب صدر ورکن سندھ اسمبلی روما مشتاق کی کراچی قونصلیٹ میں اطالوی قونصل جنرل ڈینیلو گر ڈینیلہ سے ملاقات، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کی مضبوطی اور مختلف امور پر تفصیلی گفتگو،ایم پی اے روما مشتاق نے قونصل جنرل کو سندھ کی روایتی اجرک و ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا، اس موقع پر ایم پی اے روما مشتاق نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری ملک وقوم کی بہتری اور ترقی کے لیئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے مسیحی کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے جدوجہد کررہی ہوں، مسیحی برادری ملک میں تعلیمی اصلاحات اور سیاسی منظر نامے کی بہتری کے لیئے پرعزم ہے، مسیحی برادری کے لیئے جامع پالیسیوں اور تعلیم کے مساوی مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے، انہوںنے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتو ں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں تعلیم کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے تعلیمی رسائی اور معیار کو بڑھانے کی حکمت عملیوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی، تجارتی اور کاروباری تعلقات کو بہتر کیا ، دنیا بھر کو پاکستان کا پر امن چہرہ دکھایا اور یہ پیغام دیا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ ان کو مذہبی آزادی بھی حاصل ہے، پیپلز پارٹی صرف مزدوروں اور غریبوں کی جماعت نہیں ہے بلکہ تمام اقلیتوں کی نمائندہ جماعت ہے جس میں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنی اپنی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیئے کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ معاشرتی بہتری کے لیئے باہمی تعاون پر مبنی اقدامات کو فروغ دینے کے لیئے کام کرنے کی ضرورت ہے، بین المذاہب ہم آہنگی سے ہی معاشرہ ترقی پاتا ہے ، اس موقع پر اطالوی قونصل جنرل ڈینیلو گر ڈینیلہ نے رکن سندھ اسمبلی روما مشتاق کو اسمبلی کی پہلی مسیحی خاتون رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ روما مشتاق نے اپنے ملک کے تمام شہریوں کی خدمت کرنے کا حلف اٹھایا ہے ، بلاشبہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق میسر ہیں اور وہ آزادی سے اپنے ملک اور کمیونٹی کی بہتری کے لیئے کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان میں مسیحی برادری کی ترقی کے لیئے تعلیمی و ثقافتی منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں