مقامی اداروں میںمقامی و غیر سیاسی افسران تعینات کئے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے،میاں ریاض

منگل 14 مئی 2024 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے سنیئر رہنما میاں ریاض محمد نے کہا ہے کہ پاسبان نے انتہائی نامساعد حالات میں بھی ظلم کے خلاف ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے۔ مظلوموں کو ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا حوصلہ دینا اور متحد ہو کر ظلم کا مقابلہ کرنا پاسبان کا نصب العین ہے۔ ہم بلا امتیاز رنگ، نسل اور مذہب مظلوموں کی مدد کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

پاسبان نے تعلیم، بلدیاتی نظام کی بہتری، حقوق نسواں اور حق آزادی پر خصوصی توجہ دی ہے۔پاسبان کی عوامی خدمات کا شاندار ریکارڈ عوام کے سامنے ہے۔ سڑکوں کی بندش،ڈبل سواری پرطویل پابندیوں کا خاتمہ، رشوت کی رقوم کی واپسی، این ٹی ایس،ایس ایم لاء کالج،دائو میڈیکل کالج کے طلبہ و طالبات کو انصاف کی فراہمی، کئی علاقوں میں پانی،سیوریج،سڑکوں کی تعمیرات،صحت صفائی کے مسائل کے حل اور عوام کے بنیادی حقوق کے لئے جدوجہد ، پاسبان کے کارناموں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ پاسبان عوام کے دل کی دھڑکن بن چکی ہے اور نوجوان طبقہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور مظلوموں کے قائد الطاف شکور کی قیادت میں متحد ہور ہے ہیں۔وہ ضلع کیماڑی کے علاقے ماری پور گریکس میں واقع شیر محمد ولیج میں بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں کی پاسبان میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پاسبان لیاری کے رہنما فضل ربی خان اور پاسبان گزری کے رہنما شہباز مغل اور محمد اسلم بھی موجود تھے۔

اجلاس میںشیرمحمد ولیج کے دلاور خان، محمد حسین،احمد نواز،محمد اسحاق،عبدالحسن،محمد ساجد،جمال حسین،محمد امیراللہ سمیت متعدد نوجوانوں نے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی میں شمیولیت کا اعلان کیا۔ پاسبان رہنمائوں نے شیرمحمد ولیج کے یوسی 3 کے وارڈ3کا دورہ کیا اور علاقائی مسائل کا جائزہ لیا۔ پاسبان رہنمائون نے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی اداروں میں غیر سیاسی اور مقامی افسران تعینات کئے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

کرپشن، تعصب،مفادپرستی اور کمیشن کی سیاست مسائل کے انبار کی اصل وجہ ہیں۔پاسبان رہنمائوں نے مزید کہا کہ یوسی ناظمین اپنے حلقے کے مسائل حل اور عوام کی عملی خدمت کریں،محض سیاسیت نہ کریں۔ شیرمحمد ولیج ہر طرح کے بنیادی وسائل سے محروم ہے۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکا رہیں اوراسٹریٹ لائٹس موجود نہیں ہیں۔ صحت و صفائی کا فقدان ہے، گیس کی لائینیں اس علاقے کی بیرونی سڑک پر موجود ہیں لیکن شیر محمد ولیج کو اس سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی شیرمحمد ولیج کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لئے علاقائی عوام کو ساتھ لیکر آگے بڑھے گی اور حقوق کی فراہمی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں