محافظ رشوت خوری میں مصروف ہیں ، جرائم و مجرم بڑہتے ہی جارہے ہیں، کاشف نظامی

منگل 14 مئی 2024 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کاشف نظامی نے کہا ہے کہ بنیادی سہولیات سے محروم پاکستانی شہری چاند پر جانے کے لیئے تیاریوں میں مصروف عمل ہیں، موجودہ نا اہل حکمرانوںنے اس دھرتی کو واقعی چاند میری زمین بنا دیا ہے ، جس طرح چاند پر پانی ،بجلی ودیگر سہولیات ناپید ہیں بالکل ویسے ہی صورتحال اب پاکستان میں پیدا ہوچکی ہے اس کے علاوہ اب تو ملک بھر کی تمام شاہراہیں بھی چاند کی مانند ڈس بیلنس ہوچکی ہیں اگریہی مسلط شدہ حکومت مزید کچھ وقت اور رہی تو عوام بھول ہی جائے گی کہ بنیادی سہولیات کیا ہوتی ہیں،ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، کاشف نظامی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو دووقت کی روٹی کے لیئے بھی دربد ر کردیا ہے ، مہنگائی و بیروزگاری اپنے عروج پر ہے ملک میں کہیں بھی قانون اور انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے، محافظ رشوت خوری میں مصروف ہیں جبکہ جرم و مجرم بے قابو ہیں، لاقانونیت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے طاقتور کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے جبکہ کمزور اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ یہ حکومت جو عوام پر مسلط کی گئی ہے یہ کبھی بھی معاشرتی بہتری یا ملکی ترقی کے لیئے کوئی اقدامات نہیں کریگی کیونکہ یہ لوگ صرف سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیاں کرنے کے لیئے ڈیل کر کہ اقتدارمیں آئے ہیں ان کے پاس عوامی خدمت کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے یہ وہ لوگ ہیں جو ذاتی مفادات کو ہر چیز پر ترجیح دیتے ہیں ، ہر پندرہ دن کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیاجاتا ہے بجلی کے فی یونٹ نرخ ہرماہ بڑھ رہے ہیں گیس کے بل کئی گنازیادہ آرہے ہیں ، ہزاروں روپے گیس اور لاکھوں روپے بجلی کے بل اداکرنے کے بعد بھی بجلی اور گیس میسر نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کی خدمت کرنے نہیں بلکہ اپنے کیسز ختم کرنے میں مصروف ہیں پاکستان کی عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا عمران خان کو ووٹ دیا کیونکہ قوم جانتی ہے کہ عمران خان ہی وہ لیڈر ہے جو ملک کو مشکلات اورقوم کی غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرا سکتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں