نوجوان ہی پاکستان کا نام روشن کریں گے ، گورنرسندھ

آنے والی نسل ملکی ترقی کے لئے مثالی کام کرے گی ، تقریب رونمائی سے خطاب

منگل 14 مئی 2024 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نیشنل یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی (نسٹ )کے تحت پاکستان فرسٹ ہائی برڈ وہیکل کی تقریب رونمائی میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ کموڈور توقیر نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ جہاں جہاں پاکستان کے نام کو بلند کرنے کے لیے یہ نوجوان کام کریں گے،یہ وہ صلاحیت ہے جن کے پیچھے رہ کر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں ان بچوں کو ایوارڈ دینا چاہیے،بحیثیت کامران ٹیسوری پاکستان کو پروموٹ کرنے ہر ایونٹ کو اسپانسر کرنے کے لے تیار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک میں اتنا ٹیلنٹ ہے تو ہمارا ملک پیچھے کیوں ہے،سب کچھ ہے تو پاکستان ترقی کیوں نہیں کرتا،ہمیں وجہ تلاش کرنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہی نوجوان پاکستان کا نام روشن کریں گے،میں اس پوری ٹیم کو گورنر ہاؤس آنے کی دعوت دیتا ہوں،ان تمام اسٹوڈنٹس کو گورنر گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں مایوسی کو قریب نہیں آنے دینا ہے،اس ملک کو ترقی اور خوشحالی بھی دلائیں گے،آنے والی نسل ملکی ترقی کے لیے مثالی کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں ساڑھے پانچ لاکھ بچوں کے ٹیسٹ لیے گئے اور اس وقت50 ہزار بچے گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کلاسز لے رہے ہیں،مزید 22ہزار بچوں کو آئی ٹی کورسز کروانے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کے روزگا ر اسکیم شروع کی گئی ہے،اسکیم کے تحت ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے کاروبار کے لیے فراہم کیے جائیں گے،فراہم کی جانے والی یہ رقم ناقابل واپسی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں نسٹ کا ایک اور بڑا کیمپس بنایا جائے گا، سائنس وٹیکنالوجی کی جدید تعلیم کراچی میں ملے گی،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ نسٹ کا کیمپس کراچی میں کھولیں گے۔انہوںنے کہا کہ بچوں کو جدید تعلیم دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کروں گا،اچھی تعلیم، روزگار کے مواقع ، سرمایہ کاری میں اضافہ میری ترجیحات ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں