چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت ہیٹ ویو سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

جمعہ 17 مئی 2024 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت ہیٹ ویو سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری بحالی، کمشنر کراچی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنر وڈیو لینک کے زریعے شریک ہوئے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو کے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

صوبے میں 21 مئی سے 27 مئی تک ہیٹ ویو رہے گا۔ اجلاس میں کمشنرز نے ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے اقدامات اور منصوبوں سے آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ہیٹ ویو سے بچائو کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے اورصوبے کے تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو سے بچائو کے سینٹر بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی جائیں اوررش والی جگہوں پر دھوپ سے بچائو کے شیڈ لگائے جائیں۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے سیکرٹری انرجی کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں،تمام ڈپٹی کمشنر زعوامی مراکز پر ہیٹ اسٹروک سینٹر بنائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں