بلاول کا اپنے دادا و بزرگ سیاستدان سردار حاکم علی زرداری مرحوم کو 13 ویں برسی پر خراج عقیدت

جمعرات 23 مئی 2024 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دادا و بزرگ سیاستدان سردار حاکم علی زرداری مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، جن کی 13ویں برسی کل 24 مئی کو منائی جائے گی۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ سردار حاکم علی زرداری کی زندگی جمہوریت کے لیے بے مثال لگن اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردار حاکم علی زرداری مکالمے کی طاقت،اتحاد کی قوت اور حق کے لیے کھڑے ہونے کی اہمیت پر یقین رکھتے تھے۔ جمہوری اصولوں سے ان کی وابستگی اور جمہوریت کے کاز کے لیے ان کی قربانیاں ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سردار حاکم علی زرداری نے نہ صرف پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا بلکہ انہوں نے ثقافتی و سماجی خدمات کے ذریعے بھی دنیا کے سامنے قوم کا مثبت امیج پیش کرنے میں بھی پیش پیش رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سردار حاکم علی زرداری کی میراث میرے لیے اور ان بے شمار لوگوں کے لیے باعثِ تحریک ہے جو ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج سردار حاکم علی زرداری کی بامقصد زندگی اور لازوال لیگیسی کو یاد کرتے ہوئے، اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ان کے اقدار کی پاسداری کریں گے اور جمہوری و خوشحال پاکستان کے لیے انتھک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں