کراچی میں انڈر 15 کرکٹ کا فروغ، میڈی کیم گروپ کا تعاون جاری رکھنے کا اعلان

ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے، زاہد حسین بھٹی، علی حسین اور خالد نفیس؛ افتتاحی میچ میں زون چار بلیوز کامیاب

پیر 24 اگست 2026 14:39

کراچی میں انڈر 15 کرکٹ کا فروغ، میڈی کیم گروپ کا تعاون جاری رکھنے کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) میڈی کیم گروپ آف کمپنیز نے کراچی میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اس عزم کا اظہار میڈی کیم گروپ آف کمپنیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر زاہد حسین بھٹی نے کے سی سی اے اسٹیڈیم میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام اور میڈی کیم گروپ کے تعاون سے منعقدہ ٹچ می ٹرافی انڈر 15 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈی کیم گروپ نے ماضی میں بھی کراچی میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

گراس روٹ سطح پر کرکٹ کو مضبوط بنانا اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس موقع پر آر سی اے کراچی کے سیکریٹری علی حسین نے کہا کہ ندیم عمر کی قیادت میں کراچی کے کھلاڑیوں کو ہر سطح پر کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

کراچی میں کلب کرکٹ بھی بھرپور انداز میں جاری ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اس میں حصہ لے رہی ہے، جو شہر میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی آر سی اے کراچی خالد نفیس نے کہا کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایسے پروگرامز کے ذریعے مستقبل میں کراچی اور پاکستان کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔

آر سی اے کراچی کے جوائنٹ سیکریٹری محمد توصیف صدیقی نے کہا کہ کراچی کی کرکٹ اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہے، ندیم عمر کی قیادت میں آر سی اے کے عہدیداران کرکٹ اور کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے شب و روز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈی کیم گروپ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث گراس روٹ سطح پر نوجوانوں کو معیاری کرکٹ کھیلنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔

تقریب میں میڈی کیم گروپ کے جاوید اختر کیانی، سید محمد احمد نقوی، ظفر احمد، محمد ریحان صدیقی، آر سی اے کے اسسٹنٹ سیکریٹریز، زونل صدور، سیکریٹریز، خازنز، ایس ایم عاصم، محمد نظام، اقبال خان، ماجد خان، ایس اے فہیم، خالد عباسی اور دیگر نے شرکت کی۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں زون چار بلیوز نے زون تین بلیوز کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ زون چار بلیوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179 رنز بنائے۔

وارا مزمل نے 48 جبکہ عبدالرحمان نے ناقابلِ شکست 21 رنز اسکور کیے۔ زون تین کی جانب سے حمزہ سلمان نے 4 اور رافع خرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں زون تین بلیوز کی ٹیم 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ فرحان احمد نے 46 اور حننان نعیم نے 41 رنز بنائے، جبکہ زون چار کی جانب سے رافع مظہر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر آر سی اے کراچی کے سیکریٹری علی حسین نے رافع مظہر کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں