انسداد ڈینگی مہم جانفشانی کیساتھ جاری رکھی جائے ‘ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنر قصور

ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں میں قبرستانوں ‘کباڑخانوں ‘ٹائر شاپش وغیرہ میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنوائیں اور عملدرآمد نہ کرنیوالوںکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے‘ عوام الناس میں ڈینگی آگاہی مہم تیز کی جائے ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کی ہدایات

ہفتہ 10 جون 2017 18:32

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی مہم پوری جانفشانی کیساتھ جاری رکھی جائے ‘ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ‘ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں میں قبرستانوں ‘کباڑخانوں ‘ٹائر شاپش وغیرہ میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنوائیں اور عملدرآمد نہ کرنیوالوںکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے‘ عوام الناس میں ڈینگی آگاہی مہم تیز کی جائے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے تمام ڈیپارٹمنٹس کی ہفتہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ نے بریفنگ دی اور گزشتہ سال اور موجودہ سال میں ہونیوالی ڈینگی سرگرمیوں کا موازنہ بتایا ۔ جس پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس کو تیز کیا جائے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر زاپنی اپنی تحصیلوں میں اس عمل کی خود نگرانی کریں اور کام نہ کرنیوالے ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کم جوہڑوں میں مچھلی بچہ چھوڑنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کو حکم دیا کہ ایسے جوہڑ وں کی لسٹ مہیا کریں جہاں انہوں نے ابھی تک مچھلی بچہ نہیں چھوڑا اور خشک جوہڑوں کی لسٹ بھی فراہم کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی سیل کو ڈیٹا نہ بھیجنے والے محکمہ جات کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ ڈیٹا نہ بھیجنے والے محکمہ جات کی لسٹ فراہم کی جائے تا کہ انکے سیکرٹریز کو لکھا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ ہیلتھ کے افسران اور ملازمین کو ڈینگی کے خاتمے کیلئے جذبے اور محنت سے کام کرنا ہوگا ۔ مسلسل کوششوں اور عوام کے تعاون سے اس مرض پر قاپو پایا جا سکتا ہے ۔ حفاظتی تدابیر بارے آگاہی بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے تمام محکمے متعین کردار تندہی سے انجام دیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی اور انسداد ڈینگی سے متعلق ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں