پرائیویٹ و سرکاری کالجزسیاسی وشرپسندسرگرمیوں سے دوررہنے سے متعلق طالبعلموں کو آگاہی دیں ، ڈپٹی کمشنر

پیر 15 جنوری 2018 19:41

قصور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کے زیر صدارت ضلع میں امن وامان کے حوالے سے انجمن تاجران کے عہدیداران اورگورنمنٹ و پرائیویٹ کالجز کے پرنسپل صاحبان کیساتھ میٹنگ منعقد ہوئی ‘ جس میں شہر میں امن کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے پرائیویٹ و سرکاری کالجز کے پرنسپل صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں تعلیم حاصل کرنیوالے طالبعلموں کو اس بارے میں آگاہی دیں کہ وہ کسی بھی قسم کی سیاسی یا شر پسند سرگرمی میں ہرگز حصہ نہ لیں کیونکہ ایسا کرنے سے نہ صرف ایسے بچوں کا مستقبل دائو پر لگ سکتا ہے بلکہ ادارے کی شہرت کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح تمام تعلیمی ادارے بچوں کی کالجز میں حاضری کو یقینی بنائیں اور غیر حاضر طلباء و طالبات کے بارے میں فورا ً انکے والدین کو آگاہ کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شر پسند عناصر کیساتھ ملکر شہر کے امن وامان کو نقصان پہنچانے والے طالبعلموں اور انکے اداروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے گزشتہ دنوں امن وامان کی صوتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے انجمن تاجران کے عہدیداران کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ وہ آئندہ بھی شہر میں امن وامان کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے ۔

انہوں نے انجمن تاجران کے عہدیداران کی جانب سے پیش کی گئی مختلف تجاویز کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ تاجروں کا کردار شہر میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اس لئے ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے شہر قصور کو امن کا گہوارہ بنانے اور اسے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال شہر بنانے کیلئے اپنی اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لائیں ۔ جس پر انجمن تاجران کے عہدیداروں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں